بہاولنگر؛ انٹر سکول کرکٹ چمپین شپ گورنمنٹ ہائی سکینڈری سکول ڈونگہ بونگہ نے جیت لی

33

بہاولنگر،22 اکتوبر ( اے پی پی):بہاولنگر میں حکومت پنجاب کی ہدایات پر اسکولوں میں کرکٹ کے فروغ کے لئے انٹر سکول کرکٹ چمپین شپ  اختتام پذیر ہو گئی ، فائنل میچ  گورنمنٹ  ہائی سکول منچن آباد اور گورنمنٹ ہائی سکینڈری ڈونگہ بونگہ  سکول  کے مابین کھیلا گیا، گورنمنٹ ہائی  سکینڈری سکول ڈونگہ بونگہ نے میچ میں فتح حاصل کی۔

اختتامی  تقریب کا انعقاد حیدر سٹیڈیم بہاولنگر  میں کیا گیا ۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبارگجر  نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور  کھلاڑیوں میں  انعامات  تقسیم کیے۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبارگجر  نے کہا کہ ٹورنامنٹ کا مقصد طلباءمیں کرکٹ کے حوالے سے دلچسپی پیدا کرنا ہے۔ اسپورٹس آفیسر، سی ای او ایجوکیشن اور لوکل گورنمنٹ ٹورنامنٹ کے حوالے سے بہترین انتظامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے  کہا کہ ٹورنامنٹ سے بہاولنگر میں کرکٹ کا ٹیلنٹ سامنے آئے گا،صحت مند معاشرے کے لئے سپورٹس کی سرگرمیاں نہایت ضروری ہے ۔تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی آگے آنا چاہیے۔

ڈی اوسپورٹس یاسمین اختر نے بتایا کہ ٹورنامنٹ پاکستان کرکٹ بورڈ،لوکل گورنمنٹ،سکول ایجوکیشن اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر انتظام کرایا گیا، میچز 29 ستمبر سے 21  اکتوبر تک جاری رہے ۔ گورنمنٹ اور پرائیویٹ سکولز سے 11 ٹیمیں  شریک ہوئیں۔  ٹورنامنٹ میں  سرکاری سکولز کی 9اور پرائیویٹ سکولز کی جانب سے 2 ٹیموں نے  حصہ لیا۔

  اختتامی تقریب  میں اسسٹنٹ کمشنر ارشد ورک، اسسٹنٹ کمشنر منچن آباد احمد جاوید چیمہ ، ڈی او فنانس محمد اقبال، ڈی او ایجوکیشن گلزار احمد سی او ضلع کونسل ارشد تتلہ  ، تحصیل سپورٹس آفیسر ،عظمیٰ بشیرسمیت شہریوں اور کھلاڑیوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔