عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کا دباؤ برداشت نہ کیا جائے؛ ڈپٹی کمشنر عبدالطیف خان

23

رحیم یار خان،23 اکتوبر (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عبدالطیف خان نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کا دباؤ برداشت نہ کیا جائے،عوام کو انصاف کی فراہمی ہماری ذمہ داری ہے۔

ان خیالات  کا  اظہار انہوں نے  اتوار کو یہاں  حکومت پنجاب کے ہدایات پر محکمہ ریونیو کی کارکردگی کا ماہانہ جائزہ اجلاس  اور  لوکل پلاننگ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔ریونیو ماہانہ اجلاس میں کورٹ کیسز، لینڈ ٹیکس ریکوری، زیر التواء انتقالات، سروس ڈیلوری، ڈیجیٹل گرداوری پر بریفنگ دی گئی۔

لوکل پلاننگ بورڈ اجلاس میں میں سٹیزل پورٹل، اراضی ریکارڈ سنٹر سمیت محکمہ مال کے دیگر امور بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی ،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے 70کروڑ روپے کے منصوبوں بارے بریفنگ دی۔

 ڈپٹی کمشنر عبدالطیف خان نے  ہدایت کی  کہ اسسٹنٹ کمشنرز، ریونیو افسران ریونیو کورٹ کیسزکو جلد از جلد میرٹ پر یکسو کریں، افسران و اہلکاران سرکاری امور کی انجام دہی میں شفافیت اور دیانتداری کو اپنا شعار بنائیں جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں سرکاری اراضی کا مفصل ریکارڈ مرتب کریں۔انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی ہدایت پر سرکاری زمینوں کی لاٹ بندی کی جائے اور  قابضین سے سرکاری اراضی واگزار کرانے کی مہم کو از سر نوشروع کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنرعبدالطیف خان نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ترقیاتی کاموں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، ضلع بھر میں لوکل گورنمنٹ کے تحت70کروڑ کے منصوبے شروع کئے جائیں گے، جن  میں  سیوریج، ٹف ٹائل، واٹر سپلائی، سٹریٹ لائٹس، سولنگ و دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی اس میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں سے عوام کو بہترین سہولیات میسر آئیں گی، ترقیاتی کاموں میں شفافیت اور معیار  پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔