اٹک، شہید کرنل(ر) شجاع خانزادہ کی طرح میرامشن بھی تعلیم کی بہتری ہے، جہانگیر خانزادہ

13

اٹک، 25اکتوبر(اے پی پی): ایم پی اے جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ گورنمنٹ بوائز شجاع خانزادہ ایسوسی ایٹ کالج حضرو میں لیکچرار کی کمی اور دیگر مسائل سے طلباء کا مستقبل مخدوش ہوجائے گا، یہ مسائل حل نہ ہوئے اور بچوں کو تعلیم دینے کی بجائے جہالت کے اندھیر وں میں رکھا تو ان کے ہاتھوں میں ڈگریاں نہیں کلاشنکوفیں اور ہیروئن ہو گی، یہ کالج ہمارے آباؤ اجداد کے ذاتی زیورات اور کاوشوں سے بنا ہے جس کی بہتری اور ٹیچنگ سٹاف کیلئے پنجاب اسمبلی کے اگلے سیشن میں قرارداد پیش کروں گا۔ اس حوالہ سے صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن اور ڈپٹی سیکرٹری تعلیم نعیم سندھو سےرابطہ کیا ہے جنہوں نے پرنسپل کی فوری تعیناتی سمیت مسائل کے حل کی یقین دہانی کرا دی ہے ۔چھچھ محافظ کمیٹی اور چیئرمین نثار علی خان کا مشکور ہوں کہ انہوں نے ایک فلاحی مقصد کیلئے مجھے دعوت دی، محافظ کمیٹی ایک بہترین اور منظم فلاحی ادارہ بن چکا ہے جس پر سب ممبران خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چھچھ محافظ کمیٹی کے دفتر میں چیئرمین نثار علی خان کی زیر صدارت گورنمنٹ بوائز کالج حضرو کے مسائل کے حوالہ سے منعقدہ اہم اجلاس سے خصوصی خطاب کے دوران کیا۔

جہانگیر خانزادہ نے مزید کہا کہ کرنل(ر) شجاع خانزادہ شہید کی طرح میرامشن بھی تعلیم کی بہتری ہے، کالج میں پڑھنے والے ہمارے بچے ہیں جن کے مستقبل کیلئے اگر ہم آج ایک نہیں ہونگے تو پھر کب ہونگے، سیاست کیلئے بڑی عمر پڑی ہے، کالج کیلئے سب سیاسی مخالفین سے ہاتھ ملانے اور ایک پلیٹ فارم پر آنے کو تیار ہوں اور اگر چھچھ محافظ کمیٹی نے اسی طرح کوشش جاری رکھی تو ہم ایک ماہ تک کالج کیلئے بہت بہتری لے آئیں گے۔