ارشد شریف سانحہ پر ہم سب رنجیدہ ہیں، صحافیوں نے ہر مشکل وقت میں فرنٹ لائن پر کام کیا؛گورنر پنجاب

25

لاہور،27 اکتوبر ( اے پی پی ):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ ارشد شریف کے سانحہ پر ہم سب   انتہائی رنجیدہ ہیں، صحافیوں نے ہر مشکل وقت میں فرنٹ لائن پر کام کیا ہے، اس لیے ان کی سیکیورٹی سب سے زیادہ ضروری ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر صحافی محمد نواز رضا کی کتاب “روداد سیاست” کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پوری دنیا میں الیکشن سے پہلے تمام سیاسی جماعتیں عوام کے سامنے اپنا منشور دیتی ہیں پھر عوام دیکھتی ہے کہ کس نے اپنے دور حکومت میں کیا وہ وعدے پورے کیے ۔پاکستانی عوام کو بھی  دیکھنا چاہیے کہ کس جماعت نے کیا وعدے کیے اوران میں سے  کیا پورے کیے، ن لیگ نے جو بھی وعدے کیے ان پر پورا اتری ،قوم کو لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کی عفریت سے نجات دلائی  ۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ وہ کون تھا جس نے الیکشن میں کہا کہ قرضہ نہیں لوں گا اور پھر حکومت لینے کے بعد ملکی تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ لیا،اب جب غلطیاں ہو گئی ہیں تو ان کو مان لینا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ صحافتی برادی کے لیے پنجاب حکومت کے بل کو فوری پاس کیا، بحیثیت  گورنر بل کا قانونی جائزہ لینا میرا بنیادی حق ہے، پنجاب حکومت کے عدم تعاون کے باوجود عوامی فلاح کے بل بغیر تردد کے پاس کیے اور پنجاب کابینہ کا حلف آئین کی پاسداری کے لیے فوری طور پر لیا ۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ کسی قانون میں گورنر کی تجویز رد کر کے صوبائی اسمبلی میں بل پاس کر کے پنجاب حکومت خوشی مناتی ہے، تاریخ میں کبھی نہیں ہوا کہ کورم پورا نا کر کے بھی بل پاس ہو رہے ہیں، میرے پاس اطلاعات ہیں کہ پنجاب میں اہم ترین بلز  کورم پورا کیے بغیر پاس ہو رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ گورنر راج  کی آئین اور قانون میں آپشن موجود ہے،  ضرورت محسوس ہوئی تو لگایا جا سکتا ہے ۔

 تقریب میں سینئر صحافی مجیب الرحمٰن شامی ،جماعت اسلامی کے رہنما امیر العظیم ،جنرل سیکرٹری لاہور پریس کلب عبدالمجید ساجد ،نائب صدر ناصرہ عتیق، صدر پی یو جے رحمان بھٹہ ت،سید تاثیر مصطفیٰ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔