لاہور،27اکتوبر ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت گوجرانوالہ اورساہیوال ڈویژن کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں سیاسی صورتحال، حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور لانگ مارچ کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ زیر تکمیل منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے گا،سیالکوٹ ویمن یونیورسٹی کیلئے فنڈز کی فراہمی اور سیالکوٹ میں ٹی ایچ کیو ہسپتال کیلئے متعلقہ امور کو جلد نمٹانے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ پاکپتن میں مزار حضرت بابا فرید مسعود گنج شکرؒ کے زائرین کی سہولت کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے۔ساہیوال اورگوجرانوالہ ڈویژن میں ڈاکٹرز، اساتذہ اور پولیس کی کمی پوری کی جائے گی۔ملکہ ہانس میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کی جائے گی ساہیوال میں وٹرنری یونیورسٹی کاکیمپس قائم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بورے والا، چیچہ وطنی دورویہ سڑک تعمیر کی جائے گی ساہیوال اورگوجرانوالہ میں سڑکوں،پختہ گلیوں،سیوریج اوردیگر پراجیکٹس مکمل کیے جائیں گے۔پی ایچ اے ساہیوال کو فعال اوربہتر بنایا جائے گا۔سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان بھی موجود تھے مرتضی اقبال،رائے حسن نواز، صمصام بخاری،میاں فرخ ممتاز مانیکا،پیر احمد شاہ کھگہ،چودھری نعیم ابراہیم،میجر(ر) غلام سرور،پیر سیدسعید الحسن،چودھری محمد اخلاق،احسن سلیم بریار،باؤ رضوان،سیدہ فرح اور دیگر پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، متعلقہ سیکرٹریز،ساہیوال اورگوجرانوالہ ڈویژن کے کمشنرز، آرپی اوز،ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے شرکت کی۔











