بہاول نگر،01 نومبر(اے پی پی): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ظہیر عباس چٹھہ نے کہا کہ حکومت ریونیوسسٹم کو بہتر بنانے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔
یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے حکومت پنجاب کی ہدایت پر منعقدہ ریونیو عوامی خدمت کچہری میں شرکت کے موقع پر کہی جس کا انعقاد اراضی ریکارڈ سنٹر بہاول نگر میں ہوا۔ کچہری میں متعلقہ ریونیو افسران اور ریونیو فیلڈ سٹا ف موجود تھا۔ ریونیو عوامی خدمت کچہری میں ریونیو ریکارڈ کی درستگی،فردانتقالات، رجسٹری،ڈومیسائل، انکم سرٹیفیکیٹ اور سائلین کے ریونیو سے متعلق دیگر مسائل حل کئے گئے۔
ریونیو عوامی خدمت کچہری میں لوگوں کے ریونیو سے متعلق درخواستیں بھی وصول کی گئیں اور انکے مسائل کے حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے گئے۔ریونیو عوامی خدمت کچہری تمام تحصیلوں میں بھی منعقد کی گئیں جہاں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز نے لوگوں کے ریونیو سے متعلق مسائل حل کئے ۔











