ملتان، 03 نومبر(اے پی پی ): شہر میں داخل ہونیوالی ریت اور مٹی سے لدی ٹریکٹر ٹرالیاں شاہراہوں کا حسن گہنانے لگیں،ٹرالیاں کور نہ ہونے کی وجہ سے ریت اور مٹی سڑکوں پر گرنے کی وجہ سے ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کو شاہراہوں پر صفائی کا نظام قائم رکھنے میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
کمپنی کے سی ای او محمدفاروق ڈوگر نے پلاسٹک یا ترپال کے کور کے بغیر شہر میں داخلے ہونیوالی ٹرالیوں پر پابندی عائد کرنے کے لئے سٹی ٹریفک آفیسر کو خط لکھ دیاہے۔سی ٹی او کو کہا گیا ہے کہ ریت اور مٹی سے لدی ٹرالیاں بغیر کور کئے شہر میں داخل ہورہی ہیں اور ٹرالیوں سے گرنے والی ریت اور مٹی سے سڑکوں پر صفائی کا نظام درہم برہم ہوجاتا ہے۔
سی ای او نے کہا ہے کہ سڑکوں پر ہوا کی وجہ سے اڑنے والی ریت موٹر سائیکل سواروں کے لئے بھی مسائل پیدا کرتی ہے۔اس کے علاوہ اگر ان ٹرالیوں کو کور کرنے کا پابند نہ بنایا گیا تو سڑکوں پر اڑنے والی گرد اور دھول سے آنے والے دنوں میں سموگ کی شدت میں بھی اضافہ ہوگا۔
محمدفاروق ڈوگر نے سی ٹی او سے کہا ہے کہ پلاسٹک یا ترپال کے کور کے بغیر شہر میں داخل ہونیوالی ٹریکٹر ٹرالیوں پر پابندی عائد کی جائے۔











