بہاولنگر،03 نومبر( اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے کہا ہے کہ والدین پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں حکومت کا ساتھ دیں اور حفاظتی ویکسین پلوا ئیں،ویکسین سے ہم بچوں کو پولیو سے بچا سکتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں پولیو مہم کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو پولیو فری بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی، والدین اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین پلوائیں اور 21نومبر سے 25نومبر کے دوران انسداد پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبارگجر، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فائزہ کنول ڈی ایچ او پی ایس ڈاکٹر وحید آفسر باجوہ محکمہ صحت کے افسران ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ اور دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔
واضح رہے کہ 21نومبر سے 25 نومبر کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو ٹیمیں گھر گھر جاکر سے ویکسین کے قطرے پلائیں گی جبکہ کیچ اپ ایکٹویٹی 24اور 25نومبر تک کی جائے گی۔انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع بہاول نگر میں پانچ سال تک کی عمر کے(579533) پانچ لاکھ اناسی ہزار پانچ سو تینتیس بچوں کو پولیو کی حفاظتی ویکسین دی جائے گی ۔ اس مقصد کے لیے مجموعی طور پر ضلع بھر میں 2786ٹیمیں فرائض سر انجام دیں گی جن میں 136فکس ، 2562موبائل اور 88ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔











