اوکاڑہ،03نومبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ روائتی کھیلوں کی ترویج سے جہاں ہمارے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتو ں کے اظہار کا موقع پر ملے گا وہیں پر ہمارے دیہی کلچر کی نمائندگی کرنے والے کھیل بین الاقوامی سطح پرپذیرائی حاصل کریں گے، 11 نومبر کو جناح اسٹیڈیم میں ہونے والے کبڈی میچ میں بین الاقوامی سطح پر کبڈی کے کھیل کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی اوکاڑہ پہنچ رہے ہیں جس سے مقامی کھلاڑیوں کو دنیاکے بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنےکا موقع ملے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے 11 نومبر کو جناح اسٹیڈیم اوکاڑہ میں پاکستان وائٹ اور پاکستان گرین کے درمیان ہونے والے کبڈی میچ کے انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی کہ کبڈی میچ کے انتظامات کے ساتھ ساتھ میچ دیکھنے کے لئے آنے والے لوگوں کے لئے بھی بیٹھنے، سیکیورٹی،کار پارکنگ کے بہترین انتظامات کئے جائیں۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چوہدری نثار الحق اورآرگنائزکبڈی میچ چوہدری انور نے انٹر نیشنل کھلاڑیوں کے لئے اوکاڑہ آمد ،میچ کے انتظامات ،کبڈی کے لئے گراوَنڈ کی تیاری، شائقین کے بیٹھنے کے انتظامات سمیت دیگر انتظامات سے متعلق بریفنگ دی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریو نیو ظہیر لیاقت بیگ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرمہاراخترحسین، سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر محمد ارشد، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چوہدری ظفر اقبال ،ڈی او سول ڈیفنس ،انچارج سیکیورٹی برانچ،ٹریفک سیکٹر کمانڈر سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔











