انتشار عمران نیازی کا ایجنڈا ہے؛ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کا  ورکر کنونشن سے خطاب

11

نوشہرہ ورکاں،03 نومبر (اے پی پی ): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ انتشار عمران نیازی کا ایجنڈا ہے، عام انتخابات کے لئے عمران نیازی خیبرپختونخوا اور پنجاب کی اسمبلیاں توڑے، مسلم لیگ (ن) انتخابات سے خوف زدہ نہیں صرف ریاست اور ملکی معیشت کی بہتری کے لئے کوشاں ہے۔

ان خیالات کا اظہار   مسلم لیگی راہنماء حاجی مدثر قیوم ناہرا سابق ایم این اے ، چوہدری اظہر قیوم ناہرا ایم این اے، چوہدری عرفان بشیر گجر ایم پی اے، سٹی صدر اقبال صدیق سدھو،  جنرل سیکرٹری شیخ عطاء اللہ ،صدر ایم ایس ایف حسیب عارف سراء، جنرل سیکرٹری یوتھ ونگ سہیل عباس سندھو، مدثر حسین بٹ اور دیگر  نے جمعرات کو یہاں   منعقدہ ورکر کنونشن سے خطاب میں کیا۔

 انہوں نے کہا کہ پہلے بھی میاں محمد نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، تعلیم صحت بجلی سوئی گیس جیسی بنیادی سہولتیں ان کی دہلیز پر پہنچائی، معاشی گیم چینجر منصوبہ سی پیک شروع کیا جبکہ پاکستان اور اسلام دشمن قوتوں کے ایجنٹ عمران نیازی کے چار سالہ دور حکومت میں پاکستانی ریاست کا انفراسٹرکچر تباہ اور ملکی معیشت دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت و استحکام اور عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے ایسے نااہل اور نالائق کا پاکستانی سیاست سے کردار کو ہمیشہ ختم کرنا ہو گا۔