اسلام آباد،6نومبر (اے پی پی):بلوچستان حکومت کی ترجمان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ افواج پاکستان اور ادارے ہماری لائف لائن ہیں۔
اتوار کو بلوچستان ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان باصلاحیت ملک ہے، لانگ مارچ جب سے شروع ہوا ہے ملک میں انتشار کی کیفیت ہے، آغاز میں ہی ایک خاتون صحافی جاں بحق ہوگئی اور پھر ہم نے دیکھا کہ ایک حملہ ہوتاہے اور سب اس واقعہ کی مذمت کرتے ہیں اور حملہ آور بھی موقع سے پکڑا جاتا ہے لیکن دوسری طرف سے الزام تراشیاں شروع ہوجاتی ہیں۔
فرح عظیم شاہ نے کہا کہ ہمیں عزم سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ دشمن کی سازشیں ناکام ہوں اور ملک سے انتشار کی سیاست کا خاتمہ ہوسکے۔ عمران خان کے کنٹینر پر حملے کے بعد جو بہتان شراشی شروع ہوئی اس سے قوم کی جگ ہنسائی ہوئی ہے اور دشمن خوش ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ادارے اور افواج پاکستان ہماری لائف لائن ہیں، بہادر افواج پر الزام اور بہتان تراشی کرنا اور افسران کا نام لے کر الزام تراشیاں آپ کو زیب نہیں دیتیں، ایسے اقدامات سے ملک دشمن قوتوں کی سازشوں کو تقویت مل سکتی ہے، عمران خان کو سوچنا چاہئے کہ کہیں آپ کسی ایسی ملک دشمن سازش کاحصہ تو نہیں بن رہے۔
فرح عظیم شاہ نے کہا کہ عمران خان صاحب ہم پاکستانی ہیں اور ہمیں پاکستان کی ترجمانی کرنی ہے نہ کہ پاکستان مخالف قوتوں کو تقویت دینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو سوچنا ہوگا کہ آپ کہیں ملک دشمن ایجنڈے کا حصہ تو نہیں بن رہے۔ ملک کیلئے لازوال قربانیاں دینے والی سکیورٹی فورسز کے بارے سوچیں کہ ان کی ماؤں، بہنوں پر کیا گزرتی ہوگی جب آپ ان پر الزام لگاتے ہیں۔
فرح عظیم شاہ نے مزید کہا کہ ایک سینئر افسر کا نام لیتے ہوئے آپ کو ذرا برابر شرم نہیں آتی۔ اب بھی وقت ہے کہ متحد ہوکر صرف پاکستان کے کے بارے سوچیں پاکستانی نوجوانوں سے بھی گزارش ہے کہ سوشل میڈیا پر سوچ سمجھ کر بات کریں۔ ہم نبیﷺ کے نام لیوا ہیں ، ان کی تعلیمات پر عمل کریں، قرآن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جو وزیراعظم نے جوڈیشل کمیشن کی بھی بات کی ہے امید ہے حقائق سامنے آجائیں گے لیکن ہمیں اپنی ذات کی نفی کرکے ملک کیلئے سوچتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا۔











