ملتان، 10 نومبر(اے پی پی ):ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ کےمنصوبے بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری سروسز، سیکرٹری پی اینڈ ڈی اور سیکرٹری بورڈ آف ریونیو نے شرکت کی۔میپکو اور آئی ڈیپ کے حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔
ثاقب ظفر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی تعمیر پر اب تک 1 ارب روپے خرچ کئے جا چکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکٹریٹ کو سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا جس پر 24 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے منصوبہ معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ، منصوبے میں ایک دن کی تاخیر بھی برداشت نہیں کی جائے۔انہوں نے میپکو حکام کو بجلی کی ترسیل ٹرنچ سسٹم پر منتقل کرنےکا کام 15 یوم کے اندر شروع کرنیکی ہدایت کی اور کہا کہ سول سیکرٹریٹ کے فیڈر کنکشن کے لئے15 یوم کے اندر ڈیمانڈ نوٹس جاری کیا جائے۔انہوں نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی حدود میں آنیوالے آبپاشی کے کھالوں کو کنکریٹ لائننگ سے کور کرنے کا بھی حکم دیا۔
آئی ڈیپ کے حکام نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کے لئے 95 کروڑ روپے کے فنڈز موجود ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے پر کام کی رفتار بڑھا دی گئی ہے اور پرجیکٹ بروقت مکمل کرنے کے لئے حکومت پنجاب سے 1ارب 50 کروڑ روپے کے فنڈز طلب کر لئے گئے ہیں۔