اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی)اور الجزائر کے نیشنل گلوبل اسٹریٹجک انسٹی ٹیوٹ کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخطوں کی تقریب جمعرات کو یہاں انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز میں ہوئی۔ پاکستان میں الجزائر کے سفیر براہیم رومانی اور انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز کے ڈائریکٹر جنرل ایمبیسڈراعزاز احمد چوہدری نے یادداشت پر دستخط کئے۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الجزائر کے سفیر براہیم رومانی نے کہا کہ الجزائر پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاکستان نے ستمبر 1958 میں الجزائر کی عبوری حکومت کی حمایت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ الجزائر اور پاکستان اپنے اپنے خطے کے اہم ممالک ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تجارتی، ثقافتی اور ذرائع ابلاغ کے ساتھ ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اور نیشنل گلوبل اسٹریٹجک انسٹی ٹیوٹ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ایک اہم اقدام ہے جس کے نتیجے میں دیرینہ تعلقات کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز کے ڈائریکٹر جنرل اعزاز احمد چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد میں متعین الجزائر کے سفیر براہیم رومانی بہت متحرک اور فعال شخصیت ہیں۔انہوں نے پاکستان اور الجزائر کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس ایس آئی اعزاز احمد چوہدری نے انسٹی ٹیوٹ کا مختصر تعارف پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے باہمی فائدے کیلئے معیاری تحقیق اور مکالمے کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔الجزائر میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر محمد طارق بھی دونوں ملکوں کے تعلقات کو بہتر بنانے میں بھرپور کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے اداروں کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط سے باہمی تعاون مزید بڑھے گا۔انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد اور الجزائر کے نیشنل گلوبل اسٹریٹجک انسٹی ٹیوٹ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے موقع پر الجزائر کے دارالحکومت الجزیرہ میں بھی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر محمد طارق کے علاوہ الجزائر کے نیشنل گلوبل اسٹریٹجک انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ عبدالعزیز عبدالعزیز میدجاہدنے خطاب کیا۔ الجزائر میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر محمد طارق نے کہا کہ الجزائر افریقی خطہ کا ایک اہم ملک ہے جو آبادی کے لحاظ سے دنیا کا 10 واں بڑا ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں باہمی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے لئے اقدامات کرنا ہونگے۔عبدالعزیز مجاہد نے اپنے خطاب میں کہا کہ الجزائر اور پاکستان کے درمیان گہرے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں میں متعین سفیروں نے مفاہمت کی اس یادداشت پر دستخط کرانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ چیئرمین بورڈ آف گورنرز (آئی ایس ایس آئی) سابق سفیر خالد محمود اور ڈائریکٹر سینٹر فار افغانستان، مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ آمنہ خان بھی تقریب میں شریک ہوئیں۔ آمنہ خان نے اپنا تعارفی کلمات میں کہا کہ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے ساتھ ہم نہ صرف پاکستان اور الجزائر کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کی امید رکھتے ہیں بلکہ ہمیں امید ہے کہ باہمی تحقیق اور مکالمے کے لیے دونوں ملکو ں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر ادارہ جاتی روابط قائم ہوں گے۔











