ارکان پارلیمنٹ کو موٹرویز پر سفر کیلئے ٹول ٹیکس کی چھوٹ دینے  کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے، وزارت مواصلات

36

اسلام آباد۔11نومبر  (اے پی پی):وزارت مواصلات کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ ارکان پارلیمنٹ کو موٹرویز پر سفر کے لئے ٹول ٹیکس کی دی گئی چھوٹ کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے، پنجاب میں   مظاہرین نے بعض مقامات پر موٹرویز کو بند کیا تھا تاہم اب تمام موٹرویز کھلے ہیں۔ جمعہ کو قومی اسمبلی نور عالم خان کے موٹر ویز اور نیشنل ہائی ویز کی خستہ حالی کے حوالے سے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری مواصلات شاہدہ اختر علی نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران 84 ٹول پلازوں سے ٹول موصول ہوتا ہے۔ مجموعی طور پر سڑکوں اور ہائی ویز کی مرمت کی جہاں ضرورت ہوتی ہے ان پر کام ہو رہا ہے۔ صوابی انٹرچینج کے دونوں اطراف ریسٹ ایریا عدالتی چارہ جوئی کی وجہ سے بند ہے۔ جام عبدالکریم بجار کے ضمنی سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری شاہدہ اختر علی نے کہا کہ این ایچ اے کی کونسل موٹرویز کے آس پاس آبادیوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کرتی ہے، ان آبادیوں کے رہائشیوں کو سہولیات کی فراہمی اور ان کے للئے انڈر پاسز کی تعمیر بھی کی جاتی ہے۔ جویریہ ظفر آہیر کے سوال کے جواب میں شاہدہ اختر علی نے کہا کہ پارلیمنٹرینز کو موٹرویز پر سفر کے دوران ٹول ٹیکس کی چھوٹ کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔ پنجاب پولیس کی مدد سے مظاہرین نے پنجاب میں بعض مقامات پر موٹرویز بند کئے تھے تاہم اب تمام موٹرویز کھل گئے ہیں۔