لاہور۔11نومبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی زیر صدارت وزیراعلی آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی اپ گریڈیشن سے متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی نے وزیر آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کیلئے بیرون ملک سے ماہر ڈاکٹروں کی خدمات مستعارلینے کی ہدایت کی اور انسٹیٹیوٹ میں امراض قلب میں مبتلا بچوں کے علاج کیلئے خصوصی شعبہ قائم کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ میں دل میں پیدائشی سوراخ کے مرض میں مبتلا بچوں کے علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔امراض قلب میں مبتلا بچوں کے پیچیدہ آپریشن کی سہولت بھی انسٹیٹیوٹ میں فراہم کریں گے اور ایسے بچوں کو علاج کیلئے انڈیا یا باہر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔وزیراعلی نے وزیر آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مریضوں کے عزیز و اقارب کیلئے بہترین ویٹنگ ایریا بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کے احاطے میں زیادہ سے زیادہ شجر کاری کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ میں مخیرحضرات کے تعاون سے پرشکوہ مسجد تعمیر کی گئی ہے۔ چودھری پرویزالہی نے انسٹیٹیوٹ کے لئے ضروری ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کی منظوری دی اور ہدایت کی کہ ڈاکٹروں کے لئے ہاسٹل اوررہائشگاہیں بنائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال میں بھی کارڈیالوجی کا جدید ترین شعبہ بنایا جائے گا۔عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات میں یورالوجی ڈیپارٹمنٹ قائم کیاجائے گا اور عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں مزید ڈائیلاسز مشینیں بھی مہیا کی جائیں گی۔اجلاس میں چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل،ایڈیشنل چیف سیکرٹری اسد اللہ خان،سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن،سیکرٹری فنانس،سیکرٹری کو آرڈینیشن وزیراعلی،چیف ایگزیکٹوو ایم ایس وزیرآباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے شرکت کی۔











