چنیوٹ؛ فاسٹ نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ ایمرجنگ سائنسز فیصل آباد کیمپس میں سترہویں کنووکیشن کا انعقاد

99

چنیوٹ، 13 نومبر (اے پی پی):فاسٹ نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ ایمرجنگ سائنسز چنیوٹ فیصل آباد کیمپس میں بروز اتوار سترہویں کنووکیشن کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ایم بی اے کے 11 طلباء، ایم ایس الیکٹریکل انجینئرنگ کے 14 طلباء، ایم ایس کمپیوٹر سائنس کے 15 طلباء، بی بی اے کے 25 طلباء، بی ایس الیکٹریکل انجینئرنگ کے 76 طلباء، بی ایس کمپیوٹر سائنس کے 278 طلباء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  ریکٹر فاسٹ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتاب احمد معروف نے کہا کہ فارغ التحصیل طلباو طالبات اپنی تمام تر توانیاں اپنے شعبے کی حاصل کردہ ڈگریوں پر مرکوز رکھیں اور اپنا ایک پانچ یا دس سالہ منصوبہ تشکیل دیں کہ انہوں نے کیا کیا مقاصد حاصل کرنے ہیں۔
ڈاکٹر افتاب احمد معروف نے کہا کہ فاسٹ یونیورسٹی ہر سال پاکستان کو چار ہزار گریجوائیٹ دے رہا ہے اور بہت جلد یہ تعداد پانچ ہزار ہو جائے گی،  ہماری یونیورسٹی سے اب تک 160  طلباو طالبات نے پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کی ہیں،30 سال پہلے  پی ایچ ڈی کی ڈگری کے لیے امریکہ یا یورپ جانا پڑتا تھا۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے چئیرمین ایم این اے قیصر احمد شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانچ کروڑ کی آبادی کے لیے یہ واحد جدید علوم کی یونیورسٹی ہے۔جہاں سے چنیوٹ کے علاوہ ملک کے  طلباو طالبات اعلی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔بہت مشکل سے یہ یونیورسٹی قائم ہوئی تھی اب دس سال ہو گئے ہیں اور ہزاروں طلباء و طالبات ادھر سے تعلیم حاصل  کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 25 ایکڑ پر قائم یونیورسٹی میں مزید وسعت ہو رہی ہے یہ ملک کی واحد یونیورسٹی ہے جہان بوائز اور گرلز کے الگ الگ ہوسٹل ہیں۔

قیصر احمد شیخ نے کہا کہ میری وزیر اعظم میاں شہاز شریف سے بات ہوئی ہے اور انہوں نے واٹس اپ میں جواب دیا ہے کہ وہ بہت جلد چنیوٹ کا دورہ کریں گے اور فاسٹ یونیورسٹی کا دورہ کریں گئے۔

مہمانِ خصوصی سی ای او ٹاٹا گروپ افتخار احمد خالد نے کہا کہ ہمارے طلباو طالبات ذہین ہیں اور اعلی تعلیم حاصل کرنے کے لیے انکو اب پاکستان میں سہولیات میسر  ہیں جو پہلے نہیں تھیں۔

ڈائریکٹر فاسٹ چنیوٹ فیصل آباد کیمپس پروفیسر ڈاکٹر شہزاد سرفراز،گیسٹ آف آنر خالد امین صاحب چانسلر انڈس یونیورسٹی نے بھی خطاب کیا۔ہیڈ ڈپارٹمنٹ سائنس  اینڈ ہیومنیٹیس  ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر مشتاق احمد سیال،ہیڈ ڈپارٹمنٹ الیکٹریکل انجینئرنگ اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عادل ذوالفقار،ہیڈ ڈپارٹمنٹ فاسٹ اسکول آف منیجمنٹ اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سیف مقبول،ہیڈ ڈپارٹمنٹ سافٹ ویئر انجینئرنگ اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد بلال،ہیڈ ڈپارٹمنٹ کمپیوٹر سائنس اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عفان رؤف،تمام فیکلٹی ممبران، طلباء اور والدین کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر ریکٹر، ڈائریکٹر، مہمانانِ خصوصی، اور شریک فیکلٹی ممبران نے تمام طلباء اور بالخصوص والدین کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر والدین کے فخر اور خوشی کے ملے جلے جذبات دیدنی تھے۔