عمران خان کو گولی نہیں غم لگا ہے، عمران خان کا لانگ مارچ ورک فرام ہوم میں بدل گیا ہے،  ان  کی سیاست کی لنکا ڈوب چکی ہے؛مریم اورنگزیب

15

اسلام آباد،18نومبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کو گولی نہیں غم لگا ہے، ان کا لانگ مارچ ورک فرام ہوم میں بدل گیا ہے، عمران خان کی سیاست کی لنکا ڈوب چکی ہے، ہماری گھڑی ہمیں وقت بتاتی ہے، عمران خان کی گھڑی نے ان کی اوقات بتا دی ہے، حرم شریف کے عکس والی گھڑی عمران نیازی نے کوڑیوں کے دام فروخت کی۔

جمعہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج عمران خان کے خطاب سے یقین ہو گیا ہے کہ عمران خان کو کوئی گولی نہیں لگی، عمران خان کو غم ہے کہ ان کا لانگ مارچ ورک فرام ہوم میں تبدیل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان صحت مند ہیں اور وہ بہتان تراشی کر رہے ہیں، عوام پاگل اور بے وقوف نہیں، جو ان کی باتوں میں آ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آئی تو انہوں نے اسے امریکی سازش کا نام دیا، عمران خان ایک بہروپیا ہے، وہ جھوٹ بول کر سمجھتے ہیں کہ عوام ان کے جھوٹ کو سچ مان لے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آئینی طریقے سے آئی، جو کامیاب ہوئی، عمران خان کے اتحادیوں نے ان کے خلاف ووٹ دیئے، ان کی پارٹی کے ارکان نے یہ جانتے ہوئے کہ ہم نااہل ہو سکتے ہیں، ان کے خلاف ووٹ دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ اپنے اقتدار کو بچانے کے لئے عمران خان نے بند کمرے میں آرمی چیف کو تاحیات توسیع دینے کی پیشکش کی لیکن کمرے سے باہر میر جعفر، میر صادق اور نیوٹرل تو جانور ہوتا ہے، جیسے بیانات دیئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد اپوزیشن نے پیش کی، اس وقت کے سپیکر نے یہ تحریک جمع کی، اس پر بحث کرانے اور ووٹنگ کی اجازت دی، جب عمران خان کو یقین ہوگیا کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو رہی ہے تو انہوں نے بیرونی سازش کا بیانیہ اپنا لیا، پہلے عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کو امریکی سازش کا نام دیا اور پھر اس پر یوٹرن لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف جب تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے لگی تو انہوں نے کہا کہ وہ ملک بند کر دیں گے، انہوں نے آئینی عہدوں سے آئین شکنی کروائی، سائفر کے ساتھ کھیلنے کا کہا، انہوں نے اپنے دور میں خارجہ پالیسی کا جنازہ نکالا، ملکی مفادات کو بیچنے کی بات کی۔ جب تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو رہی تھی تو عمران خان نے نہ صرف وفاق بلکہ پنجاب میں بھی آئین شکنی کروائی۔

 وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج ایبسلوٹلی ناٹ کہنے والا شخص امریکہ سے معافیاں مانگنے کی بات کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جھوٹ بول کر اور بھیس بدل کر عوام کو بے وقوف بناتے ہیں، عمران خان نے عوام کے سامنے مدینہ کی ریاست بنانے کی بات کی اور پچھلے دروازے سے وارداتیں ڈالیں، توشہ خانہ کی گھڑیاں خریدے بغیر فروخت کیں،  انہوں نے توشہ خانہ میں دکان لگا رکھی تھی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہماری گھڑی ہمیں وقت بتاتی ہے جبکہ عمران خان کی گھڑی نے ان کی اوقات بتا دی ہے، عمران خان نے حرم شریف کے عکس والی گھڑی کوڑیوں کے دام بیچی۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات پر کہا کہ وہ یو اے ای اور برطانیہ جا کر مقدمہ کریں گے۔ آج اڑتیس گھنٹے گذر گئے اور عمران خان کی قانونی مشاورت مکمل نہیں ہوئی، عمران خان وکیلوں کی فیسوں پر پیسہ لگانے اور برطانیہ جا کر مقدمہ کرنے کی بجائے رسیدیں فراہم کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے گھڑی چوری کی، توشہ خانہ میں پیسے جمع نہیں کروائے، انہوں نے یہ گھڑی عمر فاروق کو فروخت کی، ان کے ہینڈلرز شہزاد اکبر اور فرح گوگی نے گھڑی کا سودا کروایا۔ گھڑی کی فروخت سے ملنے والا پیسہ کیش کی صورت میں چارٹرڈ طیارے کے ذریعے منی لانڈرنگ کر کے لایا گیا۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے اپنے سیاسی مخالفین پر الزامات لگا کر انہیں سزائے موت کی چکیوں میں رکھا، اپنے چار سال کے دوران انہوں نے سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالا، نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو جیلوں میں ڈالا، چالیس چالیس سال کا حساب مانگا اور عمران خان کے ہی دور میں عدالتوں نے انہیں بیلز دیں، آج عمران خان کہتے ہیں کہ ان کے پاس نیب نہیں تھا، عمران خان کے پاس نیب نہیں چیئرمین نیب کی ویڈیو تھی جس پر چیئرمین نیب کو بلیک میل کیا گیا، عمران خان کس سستے انصاف کی بات کر رہے ہیں؟ وہ چار سال حکومت میں تھے، دس سال سے خیبر پختونخوا میں حکومت کر رہے ہیں جہاں احتساب کمیشن دس سال سے بند ہے۔ پنجاب کے اندر ان کی حکومت ہے، یہ پنجاب کے لوگوں کو انصاف کیوں نہیں دیتے؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ وہ پرائیویٹ ہسپتال سے میڈیکو لیگل کرائیں گے اور ان کی ایف آئی آر ان کی مرضی کے مطابق کاٹی جائے، اگر ایسا ہے تو پھر ملک کے ہر شخص کو یہ حق حاصل ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سمجھتے ہیں کہ ان کی مرضی سے قانون چلے، وہ کہتے ہیں جس شخص کا وہ نام لیں، اس پر ایف آئی آر کٹ جائے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے پہلے بھی شہباز شریف پر ہتک عزت کا مقدمہ کیا اور چھ سال سے خود عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ میں پیسے جمع کروائے بغیر گھڑی ہینڈلر ون فرح گوگی کے ہاتھوں فروخت کے لئے بھیجی جبکہ ہینڈلر ٹو شہزاد اکبر ٹیلیفون پر گھڑی کے سودے کرواتے رہے، عمران خان کی گھڑی فروخت ہوئی اور کیش پیسے لائے گئے جو ڈیکلیئر نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف پچھلے چھ ماہ کے دوران جس جگہ بھی گئے وہاں عمران خان کے گھٹیا پن کی داستانیں سنائی گئیں،  عمران خان نے ملک کی تضحیک کروائی، ملکی مفادات بیچے، عمران خان نے سی پیک کے پراجیکٹس بند کروائے، چین کی کمپنیوں کے کاروبار بند کروائے، ترکی، یو اے ای سمیت غیر ملکی سرمایہ کاری کو چار سال تک بند رکھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کرشنگ کی اجازت نہ دے کر اور چینی برآمد کر کے ملک میں چینی کی قلت پیدا کی اور پھر چینی کی قیمت کو بڑھا دیا۔ عمران خان کے دور میں عوام انگوٹھوں پر سیاہی کے نشان لگا کر ایک کلو چینی کے لئے قطاروں میں کھڑے رہتے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کس سے جھوٹ بول رہے ہیں، عوام کو پاگل اور بے وقوف سمجھا ہوا ہے؟ عمران خان کو ہر بات کا جواب دینا پڑے گا، عوام ان کی اصلیت جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہہ رہے تھے کہ پنجاب میں میری حکومت ہے لیکن وہ ایف آئی آر نہیں درج کروا سکے، اگر عمران خان اتنے بے بس ہیں اور اپنی ایف آئی آر اپنی مرضی اور ضد کے مطابق نہیں درج کروا سکتے تو پنجاب حکومت ختم کر دیں، ان کی ایف آئی آر درج نہ ہونے میں وفاق اور شہباز شریف کا کیا قصور ہے؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان خیبر پختونخوا میں احتساب کمیشن کا تالا کھولیں، مالم جبہ، ہیلی کاپٹر کیس، بی آر ٹی کیسز کھولیں، اس کے بعد انصاف کی بات کریں، عمران خان چار سال حکومت کر کے گئے ہیں، ان کے دور میں تاریخی بے روزگاری ہوئی، انہوں نے فارن پالیسی تباہ کی، کشمیر کا سودا کیا۔ آج عمران خان کہتے ہیں کہ لوگ ظلم کے خلاف نکلیں گے، عمران خان یہ تو بتائیں کہ ظلم کیا ہوا ہے؟ کیا عمران خان کو الزامات پر گرفتار کیا گیا ہے؟ کیا ان کی بہنوں، بیٹیوں کو ان کے سامنے ہتھکڑی لگائی گئی ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہم تو عمران خان سے توشہ خانہ کے ڈاکوں، گھڑیوں اور ہیروں کی چوری کا حساب مانگ رہے ہیں، ہم زمینوں کے لین دین کا حساب مانگ رہے ہیں، ہم ایل این جی اور بجلی کے منصوبوں میں مافیاز کو فائدے دینے کا حساب مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے فرنس آئل کا مافیا بٹھا رکھا تھا جنہوں نے ایل این جی کے سودے نہیں ہونے دیئے، یہ مافیا فرنس آئل پر اپنے پلانٹ چلاتا رہا، ظلم تو یہ ہوتا کہ انہیں پہلے دن ہی جیل میں ڈال دیا جاتا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کس ظلم کی بات کرتے ہیں، ان کے ظلم تو ہماری جماعت اور ہمارے قائدین نے سہے ہے۔ صحافیوں کے سوالات کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسحاق ڈار کی صدر مملکت سے ملاقات ہوئی ہے، اسحاق ڈار نے صدر مملکت کو ملک کی معاشی صورتحال کے حوالے سے اپ ڈیٹ کیا ہے، اس حوالے سے وزارت خزانہ سے مفصل پریس ریلیز بھی جاری ہو چکی ہے۔ فیفا ورلڈ کپ کے میچز نشر کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سابق دور میں اے سپورٹس کو جعلی طریقے سے رائٹس دیئے گئے، پی ٹی وی اپنے ایئرنگ رائٹس سے اکتوبر 2021ء میں اس لئے دستبردار ہو چکا تھا تاکہ اے سپورٹس کو رائٹس دیئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ پر پوری دنیا کی نظریں ہیں، ایک چینل کو فائدہ دینے کی خاطر ایئرنگ رائٹس سے پی ٹی وی کو دستبردار کروایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق دور میں پی ٹی وی کے ساتھ ظلم ہوا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ہماری فیفا کی انتظامیہ سے بات چیت چل رہی ہے، ہماری پوری کوشش ہے کہ پی ٹی وی سپورٹس ایئرنگ رائٹس واپس حاصل کرے۔