سیالکوٹ  کی مزید  پانچ اربن یونین کونسلز  کی  صفائی کی ذمہ داری ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی سپرد کی جائے گی؛ ڈپٹی کمشنر عبداللہ خرم نیازی

29

سیالکوٹ،18نومبر(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عبداللہ خرم نیازی نے کہاکہ علی الصبح 3بجے صفائی کیلئے آپریشن کا آغاز کرنا ایک مشکل ٹاسک تھا،سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے محنتی سینٹری ورکرز ، لفٹر اور سپروائزری سٹاف اور مینجمنٹ کی انتھک محنت اور جانفشانی سے یہ ممکن ہوسکا، محنتی اور فرض شناس ملازمین کے اعزاز میں ہر ماہ تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ان کوکیش انعامات دیئے جائیں گے ، آج کی تقریب محنتی سینٹری ورکرز اور سپروائزر کی خدمات کے اعتراف میں منعقد کی گئی ہے ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے انوار کلب آڈیٹوریم میں صاف ستھرا سر سبز پاکستان  مہم میں بہترین کارکردگی کا مظاہر کرنے والے سیالکوٹ سالٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین میں سول سوسائٹی کی جانب سے انعامات تقسیم کرنے کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عبداللہ خرم نیازی نے کہا کہ  سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین کو ہر ماہ کے پہلی تاریخ کو ان کی تنخواہ کے ادائیگی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے سیالکوٹ میونسپل کارپوریشن سے ملحقہ 5یونین اربن یونین کونسل جو ضلع کونسل میں ہے ان میں صفائی کے ذمہ داریاں سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی سپرد کی جائیں گی اور اسی طرح ضلع کونسل کے اربن ٹاؤن اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سپرد کیا جائے گا ۔  انہوں نے مزید کہا کہ میری پوری کوشش ہوگی کہ سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو جدید خطوط پر استوار کرکے اس کی خدمات کے معیار کو لاہور سالٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سے بھی بہتر بنا دیں ۔

صدر ایوان صنعت وتجارت سیالکوٹ ملک عبدالغفور، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل وایم ڈی سالٹ ویسٹ مینجمنٹ شاہد عباس، ممبر بی او ڈی ایس ڈبلیو ایم سی شاہنواز چیمہ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شریف گھمن، انجمن بہبودی مریضاں ڈی سی کیو سردار بیگم میاں اعجاز انجم، وائس چیئرپرسن بیداری حنا نورین، حیاءالفلاح ویلفیئر فاونڈیشن کے حکیم عارف، ابرار ویلفیئر فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن نزہت عمران گھمن، الرحمن ویلفیئر سوسائٹی مرزا مدثر بیگ، بیگ چیریٹی آرگنائزیشن مختار احمد، ایم اے جناح فاؤنڈیشن کے صدر محمد اسلم اور دیا ویلفیئر آرگنائزیشن کی صدر راحیلہ اشرف ، محمد خالق کے علاوہ ایس ڈبلیو ایم سی کے مقامی حکام اور ورکرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔