لاہور،19نومبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عمران خان کو گولیوں کے کچھ ٹکڑے لگے ہیں، لانگ مارچ میں جاں بحق ہونیوالے معظم کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ چکی ہے کہ اس کو کنٹینر سے آنے والی گولی لگی ہے،عمران خان جب یہ تسلیم کر چکے ہیں کہ امریکہ سپر پاور ہے اور اس سے لڑنا نہیں تو حقیقی آزادی کا ڈھونگ کیوں رچایا جا رہا ہے ، یہ اسلام آباد کونسی حقیقی آزادی لینے جا رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پوری قوم عمران خان کی سیاسی بقا کا آخری حربہ ڈھونگ مارچ آن لائن دیکھ رہی ہے ،ڈھونگ مارچ کے بارے میں سنا “آن لائن قائد”انقلاب برپا کریں گے،ڈھونگ مارچ میں عمران خان پر فائرنگ کا واقعہ ہوا تو پہلے ایک گولی،پھر چار گولیاں اوراب کہا جا رہا ہے ٹکڑے لگے ہیں۔انہوں نے کہاکہ معظم کے سر پر گولی لگی اب پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی ہے کہ اوپر سے نیچے بڑے بور کی گولی لگی،کنٹینر سے فائر معظم کو لگا تو ایف آئی آر میں لکھا ملزم نوید کی گولی سے معظم جاں بحق ہوا۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور حکومت پنجاب پوری طرح عمران کے ڈرامہ کو سپورٹ کر رہی ہے، عمران خان کے گارڈ اور اسلحہ کو پولیس نے حراست میں نہیں لیا،ہر خون کو بھول جائیں صدف نعیم اور معظم کو بھول جائیں صرف عمران خان پر فائرنگ کو یاد رکھیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی عمران خان کو جلد صحت دے وہ گجنی بنے ہوئے ہیں۔
عظمی بخاری نے کہا کہ پہلے عمران خان کا بیانیہ امریکہ سے لڑنے کا تھا اور اب کہتے ہیں کہ امریکہ سپر پاور ہے ، عمران خان کو احساس ہوگیا ہے کہ روس جانا حقیقی غلطی تھی ،حقیقی آزادی کس سے لینے جا رہے ہیں،عمران خان کے آخری جوئے پر انویسٹمنٹ ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ میں ڈکیتیاں کیں اب وہ اس بارے جواب نہیں دے رہے،عمران خان کی ذلالت کا سفر گھڑی سے شروع ہوکر گھڑی پر ختم ہوا، قسط نمبر ٹو پر پہلے گھڑی فرح بی بی سے فروخت کروائی، سادہ کاغذ پر لکھ کر دیدی، ہاتھ سے لکھی ہوئی جعلی رسید میں توشہ خانہ میں دو کروڑ روپے جمع کرائے گئے ،گھڑی نہیں چودہ سو ساٹھ ہیرے، ساڑھے سات قیراط کی پین اور کف لنک بھی ہیں، توشہ خانہ گھڑی کی قیمت دس کروڑ اور فروخت پانچ کروڑ روپے میں کردی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کرتی ہوں دھیان کریں کہیں وزیراعظم کا دعویدار ہی سامنے نہ آ جائے، گھڑی کیلئے ایک جھوٹ چھپانے کیلئے سو جھوٹ بولے، گھڑی کا سیٹ بیس فیصد سے توشہ خانہ سے خریدا مارکیٹ ویلیو سے قیمت کم لگائی گئی پھر فرح گوگی کے ذریعے باہر فروخت کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سرٹیفائیڈ گھڑی چور اور بددیانت ہیں جنہوں نے خانہ کعبہ کی تصویر والی گھڑی بھی نہیں چھوڑی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نوٹیفکیشن کے پینتیس دن کے بعد بیس فیصد دے کر گھڑی گھر لے گئے، عمر فاروق اگر دو نمبر تھا تو فواد چودھری کاروبار کیوں کررہا تھا ،ان کی حالت دیکھیں پیروڈی کلپس پر صفائیاں دیتاہے، عمران خان بہت بڑا چور ہے تحفوں کو بھی بیچنے سے دریغ نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن میں کہاکہ تحفے بیچ کر بنی گالہ کی سڑک بنائی جبکہ سڑک سی ڈی اے نے بنائی تھی ،تحفے بیچ کر سڑک نہیں بنائی ، ڈائری میں راز ہیں کتنے میں چیزیں فروخت کیں ، فرح گوگی اتنی بچی ہے کہ دبئی میں سیٹ بیچتی ہے، عمران خان نے 2019 میں ٹیکس ایمسنٹی سکیم بلیک منی وائٹ کرنے کیلئے جاری کی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نیب نے گھڑی معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور قانون کے مطابق کارروائی ہوگی ،فرح گوگی کیلئے ریڈ وارنٹ جاری کیاجا سکتا ہے، فرح گوگی کو وطن واپس لائے بغیر چوری اورگھڑی کا مسئلہ حل نہیں ہوگا، پچاس ارب روپے کے ہیرو ں کے ڈبے کی بات ہے، منی لانڈرنگ کا الزام عمران خان پر ہے،ڈکلیئرڈ پچاس ارب روپے برطانیہ نے واپس بھجوائے لیکن اسے واپس کر دیا گیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ منی لانڈرنگ ، فارن فنڈنگ اور القادر ٹرسٹ کا بھی عمران خان پر الزام ہے۔











