سرسو کیجانب سندھ کے مختلف اضلاع میں بچوں کا عالمی دن منایا گیا ،رنگارنگ تقریبات منعقد

24

سکھر، 20 نومبر (اے پی پی): سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن (سرسو) اور حکومت سندھ کی جانب سے سندھ کے مختلف اضلاع سکھر، خیرپور، شکارپور اور دیگر شہروں میں بچوں کا عالمی دن منایا گیا، سرکاری اسکولوں میں رنگ رنگ تقریبات منعقد کی گئیں، بچوں نے ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کرکے خوب داد وصول کیا، اس سلسلے میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول نمائش میں بھی ایک رنگا رنگ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔

مہمان خصوصی صوبائی سیکریٹری محکمہ سماجی بہبود سندھ، شیرین مصطفیٰ ناریجو نے کہا کہ بچے ہمارا قومی اثاثہ اور پاکستان کا مستقبل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے بہترین مفادات کا تحفظ اور انہیں بلا تفریق یکساں مواقع فراہم کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم کو یقینی بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تعلیم بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم اور ان کی صحت کے لیے بھی ایک خطیر رقم مختص کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے انتہائی خوشی کی بات ہے کہ سرسو اور محکمہ تعلیم بچوں کے عالمی دن کو منانے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔

سرسو کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرمحمد ڈتل کلہوڑو نے سندھ حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت معیاری تعلیم کے دروازے کھول کر بچوں کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے معیاری تعلیم کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ مناسب توجہ دیکھ بھال اور پیار کے مستحق ہیں۔انہوں نے سول سوسائٹی اور خاص طور پر والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور بچوں کو بہترین تعلیم و تربیت فراہم کریں تاکہ وہ جدید دور کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں۔

اس موقع پر تعلقہ آفیسر (ایجوکیشن پرائمری) امتیاز لاکھو، ماجد بلوچ، ہیڈ مسٹریس زینت منگی، مس دلشاد، اسماءشیخ، پراجیکٹ مینیجر یو ایس ایڈ سکولز، سرسو او نعمت اللہ شیخ دیگر نے بھی خطاب کیا۔

کلاس چھٹی  سے میٹرک  تک کے طلباءنے سائنس اور ٹیکنالوجی کے 20 سے زیادہ سائنس ماڈلز کی نمائش کیلئے پیش کیا۔تقریب میں  بچوں نے ڈیجیٹل ہیرو تخلیق کرکے اپنے ٹیلنٹ کا مظاہرہ کیا جس میں روبوٹک سائنس اور سائنس پروجیکٹس شامل تھے۔تقریب میں طلبائ، معززین، اساتذہ، سرکاری آفیسرز اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔