لاہور،26نومبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی سے ہاوس آف کامنز برطانیہ میں پاکستان کے بارے میں آل پارٹی پارلیمانی گروپ کی کو چیئر وممبر پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اورپاک برطانیہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔
ممبر پارلیمنٹ ہاوس آف کامنز برطانیہ یاسمین قریشی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چودھری پرویزالہی نے اپنے سابقہ دور میں عوامی فلاح کے بے پناہ منصوبے مکمل کئے۔ چودھری پرویزالہی نے اپنے ویژن سے پنجاب کو بہترین اورسرپلس صوبہ بنایا اور ان کے ہرشعبے میں مثبت کام آج بھی لوگوں کو یاد ہیں۔
یاسمین قریشی نے کہا کہ چودھری پرویزالہی عوامی خدمت پریقین رکھتے ہیں اور اب بھی مختصر عرصے میں چودھری پر ویزالہی نے کئی برس کا کام کیا ہے،اوورسیز پاکستانیز چودھری پرویزالہی کے فلاحی منصوبوں کوسراہتے ہیں۔
وزیراعلی چودھری پرویز الہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات فراموش نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ ہم بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کو وطن کے سفیر سمجھتے ہیں۔











