تعلیمی اداروں کو منشیات کی وبا سے بچانے کیلئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے؛وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہی

16

لاہور،26نومبر  (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی  نے  کہا ہے کہ معاشرے کو منشیات کے ناسور سے پاک کرنے کا عزم کر رکھا ہے،  تعلیمی اداروں کو منشیات کی وبا سے بچانے کیلئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے، ہمیں نئی نسل کو منشیات کے اثرات سے ہر صورت محفوظ رکھنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے  صوبائی وزیرایکسائزاینڈ ٹیکسیشن و نارکوٹکس سردار محمد آصف نکئی اوررکن قومی اسمبلی طالب نکئی سے گفتگو میں کیا،جنہوں نے  ہفتہ کو یہاں  وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی  سے ملاقات کی  ۔ صوبائی وزیر سردار محمد آصف نکئی نے محکمہ کی کارکردگی اور نارکوٹکس سبسٹنس ایکٹ 2022 پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔

 وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے سخت قانون سازی کا فیصلہ کیا ہے۔ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں منشیات کے استعمال، خرید و فروخت پر سخت سزائیں دی جائیں گی۔ منشیات کے سدباب کیلئے خود مختار ادارہ قائم کیا جائے گا اور خصوصی عدالتیں قائم ہوں گی اور اینٹی نارکوٹکس پولیس سٹیشن بھی بنائے جائیں گے۔تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی اور استعمال پر ادارے کے مالکان اورملازمین بھی ذمہ دار ہوں گے،  نئی نسل کو ہر قیمت پر منشیات کے زہر سے بچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی قطعی طورپرناقابل برداشت ہے،  تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔