ملتان؛محمدفاروق ڈوگر کا سول سیکرٹریٹ کا دورہ، تعمیراتی کام کا جائزہ لیا

21

ملتان، 29نومبر(اے پی پی):ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر کی ہدایت پر متی تل میں زیر تعمیر سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب منصوبے کی ہفتہ وار مانیٹرنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ایڈیشنل سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب محمدفاروق ڈوگر نے سول سیکرٹریٹ کا دورہ کیا، ڈپٹی سیکرٹری کوآرڈنیشن علی عاطف بُٹر بھی ہمراہ تھے،آئی ڈیپ کے انجینئرز نے منصوبے بارے بریفنگ دی ۔

 ایڈیشنل سیکرٹری سروسز محمد فاروق ڈوگر نے منصوبے پر کام کی رفتار بڑھانے کی ہدایات جاری کی۔انہوں نے کہا کہ

سیکرٹریٹ کے منصوبے پر لیبر اور مشینری کی تعداد میں اضافہ کیا جائے،حکومت نے منصوبے کی تکمیل کے لئے اگست 2023 کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے اور  حکومت ہر صورت اگست2023 میں منصوبے کا افتتاح کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ہر ہفتے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیاجائے گا۔

اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ

منصوبے پر کام کی رفتار تیز کر دی گئی ہے، سیکرٹریٹ کا گراونڈ فلور مکمل ہے جبکہ فرسٹ  اورسیکنڈ  فلور پر کام جاری ہے۔ جی او آر کی چھ رہائش گاہوں کی تعمیر پربھی کام جاری ہے ۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ504 کنال رقبہ پر محیط ہے ، منصوبے پر ساڑھے تین ارب روپے سے زائد رقم خرچ کی جارہی ہے۔