کیا قائداعظم نے کہا تھا کہ توشہ خانہ کی خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی بیچ دو؟ مریم اورنگزیب

16

اسلام آباد۔30نومبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کیا قائد اعظم نے کہا تھا کہ توشہ خانہ کی خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی بیچ دو؟کیا قائداعظم نے یہ کہا تھا کہ آرمی چیف کو بند کمرے میں بٹھا کر تاحیات توسیع کی دعوت دی جائے ، عمران خان اپنی “حرکتوں “ کی قائد اعظم کے اعلیٰ فرامین سے مطابقت کی کوشش نہ کریں، وفاقی حکومت گرانے کیلئے آنے والا اپنی صوبائی حکومتیں گرانے کا اعلان کرکے کر چلتا بنا ،حقیقی آزادی کے نام پر لگائے گئے ڈرامے کا ڈراپ سین پوری قوم نے دیکھا ، عمران خان نے اپنا اقتدار بچانے کے لئے سپیکر ،ڈپٹی سپیکر ، گورنرز کو آئین شکنی پر مجبور کیا ، وفاقی کابینہ نے قائداعظم یونیورسٹی اور بہارہ کہو بائی پاس تنازعہ پر کمیٹی کی سفارشات ، واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کی دو عمارات کی شفاف بڈنگ کے عمل کے ذریعے نیلام کرنے سمیت دیگر نکات کی منظوری دیدی۔ وہ بدھ کو یہاں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دے رہی تھیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس کے آغاز میں وزیراعظم نے اعظم نذیر تارڑ کے بطور وزیرقانون خدمات کو سراہا۔وفاقی کابینہ اراکین اعظم نذیر تارڑ کے گھر بھی گئے اور انہیں وزیراعظم کی جانب سے استعفیٰ منظور نہ کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا ، اعظم نذیر تارڑ نے وزیراعظم کی ہدایت پر دوبارہ وزارت کا قلمبندان سنبھالا اور وفاقی کابینہ اجلاس میں بھی شرکت کی۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کوئٹہ میں خودکش حملے کی شدید مذمت کی گئی، شہداکے لئے فاتحہ خوانی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی گئی۔ پاکستان میں جس طرح پولیو مرض کا خاتمہ کیا گیا وہ لائق تحسین ہے ، وفاقی کابینہ نے پولیو کے خاتمے کے لئے قومی ایجنڈے کی تکمیل کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے بتایا کہ وزارت خوراک کی جانب سے ملک میں گندم کی صورتحال کے حوالے سے وفاقی کابینہ کو بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملکی ضرورت پوری کرنے کے لئے گندم کی وافر مقدار موجود ہے ، گذشتہ سال اور موجودہ سال کا موازنہ کیا جائے تو گندم کےذخائر وافرد مقدار میں موجود ہیں ، موجودہ سال میں گندم کی مجموعی ضرورت 30.79ملین میٹرک ٹن ہے ، موجودہ ذخائر دو فیصد زائد ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں موجودہ سیلاب کے باوجود موثر حکمت عملی کی وجہ سے ذخائر وافر ہیں اور ایسے انتظامات کیے ہیں کہ ملک میں کسی قسم کی غذائی قلت نہ ہو۔ وفاقی کابینہ نے وزیر خوراک اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہا۔