سٹیٹ بینک فیصل آباد میں نئے بیکنگ محتسب پاکستان کے دفتر کا افتتاح کر دیا گیا

39

فیصل آباد،30  نومبر(اے پی پی):سٹیٹ بینک فیصل آباد میں بدھ کو ایک نئے علاقائی بینکنگ محتسب پاکستان کے دفتر کا افتتاح کر دیا گیا جس کے قیام سے صارفین اور سائلین کے بینکنگ کے شعبے سے متعلق مسائل اور شکایات کے جلد اور مفت حل میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر بینکنگ محتسب پاکستان محمد کامران شہزاد نے شرکاء کو شکایات کے حل کیلئے اعداد و شمار اور بینکنگ محتسب کے طریقہ کار سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ نئے دفتر کے قیام سے فیصل آباد اور ملحقہ اضلاع کے صارفین کو سہولیات میسر ہوں گی اور اب انہیں ملتان و لاہور کے دور دراز علاقوں میں نہیں جانا پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ فیصل آباد دفتر کے قیام سے کراچی سیکرٹریٹ کے علاوہ بی ایم پی کے علاقائی دفاتر کی تعداد 6ہو گئی ہے۔انہوں نے بتایاکہ مظفر آباد اور آزاد جموں و کشمیر میں بھی بی ایم پی کا ایک اور دفتر جلد فعال کرنے کی تجویز ہے۔

منیجنگ ڈائریکٹر سٹیٹ بینک فیصل آباد محمد اشرف خان  نے بطور مہمان خصوصی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور کہاکہ بی ایم پی فیصل آباد کے قیام سے صارفین اور انڈسٹری کے مسائل حل ہونے میں مدد ملے گی اور بی ایم پی کا قیام ایک خوش آئند قدم ہے۔

صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ڈاکٹر خرم طارق نے بینکنگ محتسب پاکستان آفس کے قیام کو سراہا اور اسے شکایات کے حل کیلئے انڈسٹری اور بینکنگ کے شعبہ کیلئے انتہائی مفید قراردیا۔

بینکنگ محتسب پاکستان کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر تاجر اکیڈیمیا، بینکنگ، صنعت، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اور دیگر شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے شرکت کی۔آخر میں محتسب پاکستان کامران شہزاد نے ایم ڈی سٹیٹ بینک فیصل آباد کو سووینئر پیش کیا۔