ملتان، 02 دسمبر (اے پی پی ): نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کا یوم تاسیس کے موقع پر تقاریب کا انعقاد ،انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس خالد محمود کے ویژن کے مطابق زونل کمانڈر سینٹرل ٹو زون ڈی آئی جی شاہد جاوید کی ہدایت پر سیکٹر کمانڈر ایم فورعاطف علی چوہدری نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی سلور جوبلی رائزنگ ڈی(یوم تاسیس) کے موقع پر ڈی ایس پی قمر شہزادبھٹی ،انسپکٹر گلزاراحمد اور سٹاف کے ہمراہ کیک کاٹا اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اور پاکستان کی سالمیت کے لیے دعا کرائی گئی ۔
سلور جوبلی کے موقع پر مختلف سکولزمیں بھی روڈ سیفٹی سیمینارزکا انعقاد کیا گیا۔بچوں میں تقریری اور کوئز کمپیٹیشن کراۓ گئے اور جیتنے والے بچوں میں گفٹ ہیمپرتقسیم کیے گئے۔
شیر شاہ انٹر چینج پربھی ڈی ایس پی محمد حسن بھٹی و دیگر سٹاف کیطرف سے یوم تاسیس کے موقع پر کیک کاٹا گیا اور شہریوں میں گفٹ ہیمپرز تقسیم کئے گئے۔
یوم تاسیس کےموقع پر سیکٹرکمانڈر ایم فور عاطف علی نے کہا آج کا دن ہم تجدید عہد کے دن کے طور پر منا رہے ہیں،نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس آج اپنی خدمات کی سلور جوبلی منا رہی ہے، اپنے قیام سے لے کر آج تک موٹر ویز پولیس نے بہت سارے اعزازات اپنے نام کر کے ملک خداداد کی نیک نامی میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔ نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے افسران و جوان آج بھی اسی عہد کو دہراتے ہیں کہ ہم سب پہلے کی طرح اپنے فرائض نہ صرف عبادت سمجھ کر کریں گے بلکہ مملکت خداداد کی شاہراہوں کو محفوظ سے محفوظ تر بنانے کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
یاد رہے کہ نیشنل ہائی وے موٹروے پولیس کا قیام 26 نومبر 1997 کو ہوا ۔آغاز میں ایم ٹو لاہور تا اسلام آباد موٹروے پرنیشنل ہائی ویز موٹر وےپولیس تعینات کی گئی۔ اس کے انتہائی پروفیشنل اور محنتی افسران کی شب وروز انتھک جدوجہد کی وجہ سے جلد ہی یہ ادارہ پاکستان کے طول و عرض میں پھیل کر اپنی خدمات کا لوہا منوارہا ہے جبکہ اسی پیک کی بدولت اس کی اہمیت میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔











