چنیوٹ ، 08 اگست (اے پی پی ): کین کمشنر پنجاب حسین بہادر نے چنیوٹ کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر محمد فاروق رشید کے ہمراہ ڈی سی آفس میں کسانوں ، کاشتکاروں کے نمائندگان سے ملاقات کی اور کریشنگ کے حوالے سے مسائل دریافت کیے۔
کسانوں نے کمشنر کو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہے، ہمیں کوئی بھی مسئلہ پیش آتا ہے تو ڈپٹی کمشنر محمد فاروق رشید اسے ترجیحی بنیادوں پر حل کرواتے ہیں۔
بعد ازاں کین کمشنر پنجاب حسین بہادر نے ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ مدینہ شوگر ملز کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے سی پی آر جاری کرنے کے عمل اور وزن کنڈوں کو چیک کیا۔ کمشنر نے ملز میں موجود کسانوں سے بھی گفتگو کی اور مسائل دریافت کیے اور تسلی بخش جواب پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چنیوٹ کی تمام شوگر ملز کے تفصیلی دورے کیے ہیں اورتمام تر انتظامات کو چیک کیا ہے، حکومت پنجاب کریشنگ سیزن پر نظر رکھے ہوئے ہے اور کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کسانوں کا استحصال ہر گز نہیں ہونے دیں گے، کسانوں کو بروقت گنے کی رقم کی ادائیگی کے لیے ضلعی انتظامیہ کو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں ہیں جبکہ پنجاب بھر میں غیر قانونی کنڈوں اور کٹوتی پر شوگر ملز کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنر محمد فاروق رشید اور انکی پوری ٹیم کی بھرپور ورکنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام ملز کی انسپکیشن کا عمل جاری رکھیں۔











