دنیا کو کورونا اور سیلاب کے بعد پاکستان کی مشکلات کوسمجھنا چاہیے؛وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر

9

اسلام آباد،8دسمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر  نے کہا  ہے کہ دنیا کو کورونا اور سیلاب کے بعد پاکستان کی مشکلات کا سمجھنا چاہیے ،ہمارے اتنے وسائل نہیں کہ ہم اپنی مالی مشکلات سے نمٹ سکیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کو یہاں  مقامی ہوٹل میں 26ویں پائیدار ترقی کانفرنس کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو کورونا اور سیلاب کے بعد پاکستان کی مشکلات   کوسمجھنا چاہئے،ہمارے اتنے وسائل نہیں کہ ہم اپنی مالی مشکلات سے نمٹ سکیں،دنیا کو ماحولیاتی اثرات کو سنجیدگی سے لینا چاہیے،ہمارا درآمدی بل 35 ارب ڈالر سے زیادہ ہے ۔توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے ہمیں ایندھن درآمد کرنا پڑتا ہے۔

وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر  نے کہا کہ ہم توانائی اور خوراک پر کثیر زرمبادلہ صرف کرتے ہیں،مالی مشکلات سے نکلنے کیلئے ہمیں اپنی برآمدات میں اضافہ کرنا ہو گا،خوراک کی قلت پر قابو پانے کیلئے ہمیں کسانوں کو زیادہ سے زیادہ مراعات دینا ہوں گی ، ملکی معیشت زیادہ دیر تک قرضوں اور درآمدات پر انحصار نہیں کر سکتی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ہمارا مستقبل ہے، اسے اب نظر انداز نہیں کیا جا سکتا،ہمیں مستقبل کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنے نوجوانوں کو ہنر مند بنانا ہو گا۔