چترال،18دسمبر(اے پی پی):معروف سماجی اور مذہبی رہنماء قاری فیض اللہ کی جانب سے چترال کے ہونہار طلباء و طالبات اور خدمت خلق کی جذبے سے سرشار نمایاں کارکردگی دکھانے والے افراد میں حسبِ روایات امسال بھی انعامات اور اقراء ایوارڈز تقسیم کئے گئے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لوئیر چترال انوار الحق مہمان حصوصی تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے قاری فیض اللہ کی خدمات کو نہایت سراہا جو کراچی میں بیٹھ کر چترال کے ہونہار طلباء و طالبات میں یکساں طور پر ایوارڈز، انعامات تقسیم کررہے ہیں اور اس میں دینی مدارس کے ساتھ ساتھ عصری علوم کے سکول اور کالجوں، یونیورسٹی کے طلباء وطالبات بھی یکساں طور پر شامل ہیں۔
تقریب میں مختلف سرکاری اور نجی سکولوں کے طلباء و طالبات کو ایوارڈز اور نعقد انعامات دیئے گئے جنہوں نے میٹرک کے امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کی ہے۔اس موقع پر مہمان حصوصی ڈی سی چترال کو چترال کا روایتی تحفہ چوغہ اور چترالی ٹوپی بھی پیش کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سماجی کارکن عنایت اللہ اسیر، پرنسپل کامرس کالج صاحب الدین، خطیب شاہی مسجد خلیق الزمان، ڈپٹی ایجوکیشن افیسر شاہد حسین، ڈپٹی کمشنر انوار الحق،سابق ضلع ناظم مغفرت شاہ، سابق ایم پی اے مولوی عبد الرحمان، وغیرہ نے اظہار خیال کیا۔
تقریب میں کثیر تعداد میں طلباء، طالبات، اساتذہ، سماجی کارکنان اور سرکاری اہلکاروں نے شرکت کی۔تقریب سابق ایم پی اے عبد الرحمان کی دعائیہ کلمات کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔











