ملتان،20 دسمبر(اے پی پی):حکومت پنجاب کی ہدایت پر ملتان ڈویژن میں احساس راشن رعایت پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت معاشرے کے نادار افراد کو سبسڈائزڈ ریٹ پر مخصوص اشیاء خوردونوش کی فراہمی جاری و ساری ہے۔ اس موقع پر کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ احساس راشن رجسٹریشن کا آغاز کیا جاچکا ہے،مستحق گھرانہ خود کو احساس راشن رعایت ویب سائٹ پر رجسٹر کروائے،ہر گھرانے سے ایک فرد راشن کیلئے رجسٹر ہوسکے گا اور کہا اہل فرد کی موبائل سم قومی شناختی کارڈ پر رجسٹر ہونا ضروری ہے، رجسٹریشن عمل میں 8123سے اہلیت کا پیغام موصول ہوگا۔
انہوں نے کہا حکومت نے مخصوص کریانہ سٹورز کو سبسڈی دینے کا آغاز کردیا ہے۔حکومت کی جانب سے کریانہ مالکان کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا گیا ہے، کریانہ مالکان بھی احساس راشن رعایت ویب سائٹ پر رجسٹر کروا سکتے ہیں۔
کمشنر نے ڈپٹی کمشنر کو احساس راشن رعایت پروگرام کیلئے بہترین انتظامات کا حکم دیا اور کہا عوام کی آگاہی کیلئے احساس راشن رعایت پروگرام کی آگاہی مہم چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کریانہ مالکان کا نیشنل بینک،پنجاب بینک میں اکاونٹ ہونا لازم ہے اور کہا ملتان میں 912، وہاڑی312، خانیوال 749، لودھراں میں 329 کریانہ سٹور فنکشنل ہیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر سرفراز احمد،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رضوان نذیر،اسسٹنٹ کمشنر محمد قاسم، متعلقہ محکموں کے افسران، بینک نمائندگان موجود تھے۔











