تمام ترقیاتی سکیموں کو بروقت مکمل کیا جائے،جواد کلیم اللہ

13

 

ملتان،22 دسمبر(اے پی پی): ایم ڈی واسا جواد کلیم اللہ نے کہا کہ تمام ترقیاتی سکیموں کو بروقت مکمل کیا جائے،سیوریج،واٹر سپلائی کے جاری منصوبوں میں سستی برداشت نہیں کی جائیگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیرصدارت ترقیاتی سکیموں کے متعلق اجلاس میں کیا ۔اجلاس میں واسا کی ترقیاتی سکیموں میں پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز اپنی اپنی سکیموں کی ڈیلی مانیٹرنگ کریں اور ترقیاتی سکیموں میں کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور کہا کہ منصوبوں کے معیار، شفافیت پر سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ سکیموں کا فائدہ عوام تک بروقت پہنچنا چاہیے اور ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کے وقت شہریوں کو درپیش مشکلات کا آزالہ کیا جائے۔

میٹنگ میں ڈائریکٹر انجینئرنگ عبدالسلام، ڈائریکٹر فنانس محمد سعید ڈوگرسمیت تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز منعم سعید،حافظ وقاص،رائے ساجد نے شرکت کی۔