کوئٹہ،23دسمبر(اے پی پی ):وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے پولیس اور لیویز کو جدید خطوط پر استوار کیا جاۓ گا، مطالبات پیش کرنے اور منوانے کا طریقہ کار اور فورم موجود ہیں، دھرنیں اور احتجاج سے سڑکیں بند کرنا عوام کے مفاد کے خلاف ہے۔
ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے امن امان کی صورتحال کے حوالے سے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں گوادر میں دھرنے اور احتجاج سے پیدا صورتحال کا خصوصی جائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ نے اجلاس کو امن و امان کے حوالے درپیش چیلنجز اور مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ کمشنر مکران کی سربراہی میں حکومتی ٹیم نے دھرنے کے شرکاء سے بار ہا مذکرات کئے ہیں، حق دو تحریک کے بیشتر مطالبات پر عملدرآمد ہو چکا ہے،مولانا ہدایت اللہ کے بار بار موقف بدلنے سے مزاکرات میں تعطل پیدا ہو رہا ہے۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ حکومت مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے، مذکرات کی خواہش کے باوجود حکومت عوام کیلئے مسائل و مشکلات اور ترقیاتی عمل میں رکاؤٹ پیدا کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دے گی ۔حکومت بلوچستان نے امن اولین ترجیح اور امن کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاۓگا۔اجلاس میں دی جانے والی بریفنگ کی روشنی میں اہم فیصلوں اور اقدامات کی منظوری دی گئی ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ترقیاتی عمل جاری رکھنے کو ہر صورت یقینی بنایا جاۓ، سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے موثر لائحہ عمل مرتب کیا جاۓ اور تمام سیکیورٹی اداروں میں کوارڈینشن قائم کی جاۓ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے پولیس اور لیویز کو جدید خطوط پر استوار کیا جاۓ گا جبکہ سیکیورٹی اقدامات اور چیکنگ کے دوران عوام کو تکلیف نہ پہنچے،سیکیورٹی ادارے کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔
وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ دھرنیں اور احتجاج سے سڑکیں بند کرنا عوام کے مفاد کے خلاف ہے،مولانا ہدایت اللہ سے خود بھی مذاکرات کئے اور صوبائی وزراء کا وفد بھی گوادر بھیج رہے ہیں اور ہمیں توقع ہے کہ گوادر اور صوبے کے وسیع تر مفاد میں مولانا ہدایت اللہ بات چیت کا راستہ اپنائیں گے۔
صوبائی وزیرِداخلہ ضیاء لانگو ڈویژنل کمشنروں اور ڈی آئی جیز نے بزریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی جبکہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ زاہد سلیم آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ کمشنر کوئٹہ ڈی آئی جی سپیشل برانچ اجلاس میں شریک ہوئے۔











