اوکاڑہ،03جنوری(اے پی پی ):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر)محمد فرقان بلال نے آلو منڈی میں افغانی شہری کے مبینہ قتل کے واقعہ پرضلع کچہری اور دوتحصیل کچہریوں کی چیکنگ کی۔
ترجمان پولیس کےمطابق اوکاڑہ ضلع میں آلووں کی پیدوار کے حوالے سے ایشیاء کی خرید و فروخت کی سب سے بڑی آلومنڈیاں ہیں، فنکشنل آلو منڈیوں کی تعداد02ہے جہاں پر بعض غیر ملکی باشندے بھی کارروبار و محنت مزدوری کے لیے آتے ہیں۔
ڈی پی او اوکاڑہ نے ضلع کے پانچوں پولیس سرکلز کے ایس ڈی پی اوز اور تمام انیس تھانوں کے ایس ایچ اوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان آلو منڈیوں کا از سر نو سیکیورٹی آڈٹ کریں جن منڈیوں میں خرید وفروخت اور محنت مزدوری کے لیے غیر ملکی باشندے آتے ہیں قانون کے مطابق ان کی سیکیورٹی کلیرنس چیک کی جائے اُن سمیت آلو منڈیوں میں آنے والے تمام افراد کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے اور روزانہ کی بنیادپراس چیکنگ کی رپورٹ ایس ڈی پی اوز براہ راست ڈی پی اوآفس کوفراہم کریں گے۔
ڈی پی اونے ضلع کچہر ی سمیت رینالہ اور دیپالپور تحصیل کچہریوں کے آڈٹ کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ متحرب فریقین کی آمد روزانہ کا معمول ہوتاہے جس کی وجہ سے کسی بھی قسم کی قانونی شکنی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، پولیس افسران روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی سیکیورٹی چیکنگ کے دوران اس بات کو یقینی بنائیں کہ پولیس اور مجاز حکومتی اتھارٹی کے علاوہ کچہریوں میں آنے والے شخص کے پاس کسی قسم کا کوئی اسلحہ نہ ہو جبکہ اسلحہ کی نمائش کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ڈی پی او نے کہا کہ ان احکامات پر عملدرآمد میں غفلت یا سستی ناقابل برداشت ہے۔











