نشتر میڈیکل یونیورسٹی جنوبی پنجاب کے ماتھے کا جھومر ہے، جس کا اثاثہ یہاں کے ڈاکٹر ہیں؛ ڈاکٹر مسعود الروف ہراج

17

ملتان،04 جنوری(اے پی پی ):پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر و سربراہ شعبہ جنرل سرجری پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج کا کہنا ہے کہ نشتر میڈیکل یونیورسٹی جنوبی پنجاب کے ماتھے کا جھومر ہے جس کا اثاثہ یہاں کے ڈاکٹر ہیں جن کی وجہ سے نشتر کا نام پوری دنیا میں روشن ہو رہا ہے اس مادر علمی کیلئے تمام ٹیم کے ساتھ پوری توانائی سے محنت کر کے اس مقام تک لے کر جانا خواہش ہے جہاں دنیا میں اس میڈیکل یونیورسٹی کی مثالیں دی جا سکیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ترقی پانے والے اور ایف سی پی ایس امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے ڈاکٹروں کے اعزاز میں رکھی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر الطاف پرنسپل نشتر میڈیکل کالج ڈاکٹر راشد قمر راو اور ڈاکٹر مسعود الروف ہراج نے پروفیسر ایسوسی ایٹ پروفیسر اسسٹنٹ پروفیسر اور پرنسپل میڈیکل آفیسرز کے عہدوں پر  ترقی پانے والے ڈاکٹروں کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ ایف سی پی ایس پاس کرنے والے ڈاکٹروں کو بھی مبارکباد دی۔

؎ ڈاکٹر شیخ عبد الخالق اور ڈاکٹر ذوالقرنین حیدر نے کہا کہ پی  ایم اے ملتان ڈاکٹرز و مریضوں کے حقوق کی آواز ہر فورم پر بلند کرتی رہے گی ۔ سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب غلام صغیر شاہد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے نشتر کے ڈاکٹرز و مریضوں کے حوالے سے جو مطالبات سامنے آئے ہیں ان پر فوری عمل در آمد کیا جائے گا، نشتر کے حالات کو مزید بہتر کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔