ملتان،04جنوری )اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت احساس راشن رعایت پروگرام بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ معاشرے کے نادار افراد کو سبسڈائزڈ ریٹ پر مخصوص اشیاءخوردونوش کی فراہمی کا آغاز کیا جارہا ہے۔احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت کریانہ سٹور ز کی رجسٹریشن اور رجسٹرڈ کریانہ سٹور کی ویری فکیشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔مستحق گھرانہ خود کو احساس راشن رعایت ویب سائٹ پر رجسٹر کروائے۔ہر گھرانے سے ایک فرد راشن کیلئے رجسٹر ہوسکے گا۔اہل فرد کی موبائل سم قومی شناختی کارڈ پر رجسٹر ہونا ضروری ہے۔رجسٹریشن عمل میں 8123سے اہلیت کا پیغام موصول ہوگا۔حکومت نے مخصوص کریانہ سٹورز کو سبسڈی دینے کا آغاز کردیا ہے۔ کریانہ مالکان بھی احساس راشن رعایت ویب سائٹ پر رجسٹر کروا سکتے ہیں۔کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے ڈپٹی کمشنر کو احساس راشن رعایت پروگرام کیلئے بہترین انتظامات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی آگاہی کیلئے احساس راشن رعایت پروگرام کی آگاہی مہم چلائی جائے۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سلیم رضا شاہ نے بتایا کہ کریانہ مالکان کا نیشنل بینک، پنجاب بینک میں اکاﺅنٹ ہونا لازم ہے۔ ڈویژن کی 488 یونین کونسلوں میں 6068 کریانہ سٹورز رجسٹر کروائے گئے۔ 799 دکانوں کی ویری فکیشن مکمل کی جاچکی ہے۔ پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کریانہ سٹورز کی ویری فکیشن کررہی ہے۔مقررہ معیار پر پورا اترنے والے کریانہ سٹورز کی اپروول کی جارہی ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر سرفراز احمد،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ارم شہزادی،اسسٹنٹ کمشنر محمد قاسم، متعلقہ محکموں کے افسران اور بینک نمائندگان موجود تھے۔











