جنیوا کانفرنس میں پوری دنیا نے پاکستان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے؛حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

8

لام آباد،11جنوری(اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ امور حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ جنیوا کانفرنس میں پوری دنیا نے پاکستان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

  بدھ کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ قوم کو بتانے کی ضرورت ہے کہ خلافت راشدہ کا نظام کیا تھا، ریاست مدینہ کیا تھی،  عوام کو بتانے کی ضرورت ہے کہ خلیفة المسلمین نے رسول اللہﷺنے جو نظام دیا تھا اس کو عملی طور پر نافذ کیا جس میں کوئی بھی طاقتور کمزور کے اوپر ظلم نہیں کر سکتا، مدینہ کی ریاست کی بات کرنا آسان ہے، ریاست  مدینہ میں احتساب ہوتا ہے انتقام نہیں ہوتا، انصاف دہلیز پر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل اور اس سے متصل جماعتوں نے فیصلہ کیا ہے کہ خطبات جمعہ میں سیدنا صدیق اکبر رضہ اللہ تعالیٰ عنہہ  کے فضائل اور خلاف راشدہ کا نظام اور مدینہ کی ریاست کیسی ہوتی ہے اور کیا ہے، بیان کئے جائیں گے۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی  نے کہا کہ پاکستان کو موجودہ حالات میں وزیراعظم شہباز شریف کی محنت اور کوششوں سے بہت بڑی کامیابی ملی ہے، موجودہ قیادت پر عالمی دنیا کا ایک اعتماد بھی ہے اور اس کی تفصیلات وزیراعظم خود بیان کریں گے، پاکستان علماء کونسل اور ملک کی متصل جماعتوں کی طرف سے وزیراعظم اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو تحسین پیش کرتا ہوں، عرب اسلامی ممالک بالخصوص سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہیں جس طرح انہوں نے ہمارا ساتھ دیا۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ یہ پاکستان ہم سب کا ہے، ہمیں پاکستان کو مضبوط بنانا ہے۔انہوں نے بتایا کہ  چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کی طرف سے تعاون بڑھ رہا ہے، توقعات سے زیادہ کامیابی ملی ہے، یہ ذاتی طور پر وزیراعظم نے تمام عالمی رہنمائوں اور قائدین سے خود رابطے کئے،  تحریک انصاف کے کچھ دوستوں نے اس پر تنقید کی۔