سیالکوٹ۔15جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عبداللہ خرم نیازی نے کہا ہے کہ شہر اقبال کو خوبصورت ترین شہر بنانے کے لیے کوشاں ہیں، ہماری پوری کوشش ہے کہ سیالکوٹ شہر کو پوری محنت اور لگن کے ساتھ جتنا بہتر کر سکتے ہیں کریں اور اس ضمن میں اہم و ٹھوس اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں، ہم شہر سیالکوٹ کے باسیوں کے طرز زندگی کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے سرگرم عمل ہیں جس کے لیے ہم اپنی تمام تر کوششیں کر رہے ہیں اور پرعزم بھی ہیں کہ ہماری یہ کوششیں رنگ لائیں گی اور ان شا اللہ اللہ تعالیٰ ہمیں ضرور کامیاب کریں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے “اے پی پی “کو انٹرویو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی ہمارا ایک اور منصوبہ چل رہا ہے جس کا نام ہے” میرا شہرسیالکوٹ” میرے سیالکوٹ پراجیکٹ میں شہر سیالکوٹ کا تعارف پیش کیا جا رہا ہے، اس منصوبے میں یہ بتایا جا رہا ہے کہ میرا شہر سیالکوٹ وہ شہر ہے جہاں دنیا کی70فیصد فٹبال بنتی ہے، میرا شہر سیالکوٹ وہ شہر ہے جہاں سے پاکستان پورے ملک میں سے سب سے زیادہ فارن ایکسچینج کماتا ہے، میرا شہر سیالکوٹ وہ شہر ہے جہاں سب سے زیادہ سپورٹس گڈز بنتی ہیں، میرا شہر سیالکوٹ وہ شہر ہے جہاں سے آلات جراحی کی دنیا کی سب سے زیادہ ایکسپورٹس ہوتی ہے، میرا شہر سیالکوٹ وہ شہر ہے جو میرے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کا شہر ہے، میرا شہر سیالکوٹ وہ شہر ہے جہاں چمڑے کی صنعت موجود ہے، میرا شہر سیالکوٹ وہ شہر ہے جہاں پہ 4بلین ڈالرز کی سالانہ ایکسپورٹ ہوتی ہے، ہم اب اسی چیز کو اجاگر کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور شہر کو خوبصورت بنائیں گے اور ساتھ ہی میرا شہر سیالکوٹ والزکو بھی نوٹیفائی کریں گے اور یہ کوئی دور کی بات نہیں ہے بلکہ ابھی 15سے 20دنوں کے اندر اندر یہ سارا کام کریں گے، اس سارے کام کے لیے باقاعدہ ٹینڈرز کیے جائیں گے، ہم ایگزیکیوٹ موڈ میں آ چکے ہیں اورآئندہ 15سے 20دنوں میں سب لوگ دیکھیں گے کہ میرا شہر سیالکوٹ ایگزی کیوٹ ہوتا ہوا نظر آئے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اسکے علاوہ ہم اور بھی کچھ کرنے جا رہے ہیں اور شہر کے کچھ راؤنڈ اباؤٹس اور چوکوں چوراہوں کو بھی خوبصورت بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ڈی سی سیالکوٹ کا کہنا تھاکہ اس سارے عمل میں سب سے خوشی کی بات یہ ہے کہ عوام ہمارے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں، ہم نے حکومتی ذرائع بھی استعمال کیے لیکن اب عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس سلسلے میں ہمارے ساتھ تعاون کریں اور چوکوں چوراہوں کو خوبصورت بنائیں اورساتھ ہی ان چوکوں میں اپنے بزرگوں کے نام بھی اجاگر کریں۔انہوں نے بتایا کہ عوام کی سہولت کے لیے لاری اڈوں سمیت تمام پبلک پوائنٹس پر عوام کے لیے صاف ستھرے بیت الخلاء بھی بنوائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری انتظامیہ کی پوری کوشش ہے کہ سیالکوٹ شہر کو خوبصورت ترین شہر بنائیں اور اس ضمن میں اہم و ٹھوس اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔











