ملتان، 16جنوری(اے پی پی ): ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے ٹیپو سلطان کالونی میں گرینڈ صفائی آپریشن سرانجام دیا۔کالونی کی گلیوں محلوں سےتمام کوڑا کرکٹ،کچرا اور ملبہ اٹھا لیا گیا ہے اور اطراف میں واقع شاہراہوں کی بھی بھرپور صفائی ستھرائی کر دی گئی ہے۔صفائی آپریشن میں سپیشل صفائی اسکواڈ اور بھاری مشینری نے حصہ لیا۔
کمپنی کی جانب سے “ڈسٹ فری ملتان” مہم بھی جاری ہے۔ڈیرہ اڈا سے نواں شہر چوک تک شاہراہ کی پانی سے دھلائی کردی گئی ہے اور سڑک سے دھول مٹی کو واش کردیا گیا ہے۔
شاہراہ کی واشنگ کے لئے واٹر باوزر، مکینکل سوئیپر اور مینوئل وائپرز کا استعمال کیا گیا جبکہ 17 جنوری سے چونگی نمبر9 سے دولت گیٹ کے راستے وہاڑی چوک تک میٹرو روٹ کی واشنگ کا آغاز کیا جائے گا۔شہر کی تمام یونین کونسلوں میں معمول کا صفائی آپریشن بھی جاری ہے۔











