فیصل آباد۔19جنوری (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ ملک اس وقت سخت معاشی مشکلات کا شکار ہے لہٰذاہم سب کو مل کر وطن عزیز کو موجودہ صورتحال سے نکالنا ہوگاجبکہ برداشت اور انڈر سٹینڈنگ کے ساتھ ہی زندگی کو خوشگوار بنایا جاسکتاہے اسلئے نوجوان سوشل میڈیا کے بدتہذیبی کلچرسے بچیں اور سوشل میڈیا پر پھیلائی جانیوالی لغویات سمیت اس کے ذریعے عام کئے جانیوالے گھٹیاو بے ہودہ طرز زندگی کی حوصلہ شکنی کریں کیونکہ انسان کی شائستگی ہی اس کے کردار کا پتہ دیتی ہے۔وہ جمعرات کی سہ پہر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے قائد اعظم آڈیٹوریم نیو کیمپس میں منعقدہ دسویں کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال سمیت یونیورسٹی ڈینز، ڈائریکٹرز اور پرنسپل بھی موجود تھے جبکہ تقریب میں ایسوسی ایٹ ڈگری، ماسٹرز ڈگری، ایل ایل بی اور بی ایس آنرز کے مختلف سیشنزکے 38262 طلبا و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں نیز تعلیمی میدان میں امتیازی پوزیشن حاصل کرنے پر 249 طلبا و طالبات جبکہ ہم نصابی سرگرمیوں میں 7 طلبا اور یونیورسٹی سے ریٹائر ہونیوالے 8 فیکلٹی ممبران و افسران کو گولڈ میڈلز سے بھی نوازا گیا۔علاوہ ازیں سابق کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر مظہر حیات کی بطور کنٹرولر امتحانات خدمات کے صلہ میں انہیں اعزازی سرٹیفکیٹ بھی عطا کیا گیا۔اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ آج کے نوجوان ہمارے مستقبل کے معمار ہیں اور تعلیم مکمل کرکے کل کو عملی زندگی میں آنے کے بعد آپ نے ہی ملک و قوم کی باگ ڈور سنبھالنی ہے لہٰذاسنی سنائی باتوں پر یقین کی بجائے خود کو کردار و گفتار کا عملی نمونہ ثابت کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اپنا تجزیہ کیا کریں تاکہ انہیں اپنی خوبیوں اور خامیوں کو سمجھنے اور کمیوں و کوتاہیوں کو مد نظر رکھ کر اپنی اصلاح کے مواقع مل سکیں کیونکہ اگر ایسا ہوگیا تو آپ بہت جلد ناقابل تسخیر شخصیت اور طلسماتی کردار کے مالک بن سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ذاتی پسند نا پسند کو بالائے طاق رکھ کر ملک و قوم کے بہترین مفاد میں ہر لمحہ نہ صرف یہ دعا کرنی چاہیے کہ اللہ پاک ہمارے ملک کو کامیابیاں و کامرانیاں عطا فرمائے بلکہ اس حوالے سے ہمیں عملی جدوجہد میں بھی اپنا مثبت کردار اداکرنا ہوگا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ نوجوانوں کو یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہیے کہ دائمی کامیابی سچائی اور اچھے اصولوں سے ہی حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی جہد مسلسل کا نام ہے جس میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں لیکن اس سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہوتی کیونکہ ناکامیاں ہی دراصل حقیقی کامیابیوں کا زینہ ہوا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حصول علم سے فارغ التحصیل ہونیوالے طلبا و طالبات بابائے قوم کے اتحاد ایمان تنظیم کے پیغام پر عمل پیرا ہوکر اپنے اندر لیڈر شپ کوالٹیز پیدا کریں۔ محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ جی سی یونیورسٹی کی125 سالہ تاریخ مسلسل ادارہ کی بہتری کی جانب گامزن ہے اور یہ فخر کا مقام ہے کہ اس یونیورسٹی نے بہت سے گول اچیو کرتے ہوئے اپنا مقام بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی نصابی اور غیر نصابی سرگرمیاں بہت ہی زبردست ہیں جبکہ آپ کو آگے بڑھنے کیلئے پہلے اپنی ہار کو قبول اور پھر یہ مائنڈ سیٹ تیار کرنا ہوتا ہے کہ ایسا کیوں ہوا اور پھر اس کے بعد ان غلطیوں کا ازالہ کرتے ہوئے کامیابی و کامرانی کی منازل طے کرنا ہوتی ہیں یہی زندگی کااصول ہے۔انہوں نے کہا کہ چونکہ ریسرچ ایک مائنڈ سیٹ پیدا کرتی ہے اسلئے بغیر تحقیق کے کوئی فیصلہ نہ کیا کریں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ کس دور میں کرپشن بڑھی اور کس دور میں کم ہوئی پھر ہمیں اس کے بڑھنے و کم ہونے کے عوامل کو جانچتے ہوئے مستقبل میں اس عفریت سے نجات کیلئے ٹھوس منصوبہ و پیش بندی کرنا ہوگی۔ انہوں نے طلباو طالبات، ان کے والدین، وائس چانسلر اور یونیورسٹی انتظامیہ کو شاندار کامیابیوں اور مذکورہ تاریخ ساز کانووکیشن کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ تعلیم کی تکمیل کے بعد عملی زندگی میں قدم رکھنے والے نوجوان اپنے اندر پروفیشنل کریکٹراور مثالی عادات و اطوار پیدا کریں گے تاکہ کامیابیاں ان کے قدم چوم سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا مستقبل تابناک بنانے کیلئے مسلسل محنت اور کام کام و صرف کام کے پیغام کو بھی اپنی زندگیوں کا حصہ بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ڈگریاں اور میڈلز حاصل کرنیوالے طلبا و طالبات سب سے پہلے اللہ اور پھر اپنے والدین و اساتذہ کا شکر ادا کریں جنہوں نے ان کی کامیابی میں اپنا دن رات ایک کیا نیز اب یہ نوجوان اپنے اچھے کردار اور قول و فعل و عمل سے ثابت کریں کہ آج آپ نے ڈگری کی صورت میں صرف کاغذ کا ایک ٹکڑا ہی حاصل نہیں کیا بلکہ آپ نے تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی پائی ہے جو کامیاب قوموں کا طرہ امتیاز ہوا کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب عملی زندگی میں آپ کا کردار ہی آپ کی کامیابی کا تعین کرے گا۔ انہوں نے ایک بارپھر شاندار کامیابی پرطلبا و طالبات کو مبارکباد پیش کی اور طلبا کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں یونیورسٹی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔











