گرانفروش ،ذخیرہ اندوز اور ملاوٹ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں؛ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ

27

اوکاڑہ،20جنوری(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ گرانفروش، ذخیرہ اندوز اور ملاوٹ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے  جبکہ پرائس مجسٹریٹس کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ مارکیٹ کمیٹی اور ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کی طرف سے مقررہ نرخوں پر اشیاء ضروریہ کی فروخت کو یقینی بنائیں، پھلوں سبزیوں میں معیار پر بھی نظر رکھی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے ڈسٹرکٹ آفیسرآئی پی ڈبلیو ایم خالد جاوید بھٹی کو ہدایت کی کہ وہ ضلع میں اشیاء ضروریہ کے سٹاک خصوصاََ چینی ، آٹا ،دالوں کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ پر نظر رکھیں اور دوسرے شہروں سے اوکاڑہ کو فراہم کی جانے والی اشیاء میں کسی جگہ پر بھی تعطل نہیں ہونا چاہیے۔

 بعد ازاں ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے اوکاڑہ کی تینوں تحصیلوں کے پرائس مجسٹریٹس کی انفرادی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ پرائس مجسٹریٹس فیلڈ میں اپنی موجودگی کا احساس دلائیں ۔

اجلاس میں سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر افضال حسین بلوچ نے پرائس مجسٹریٹس کی کار کردگی بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ظہیر لیاقت بیگ ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چوہدری عبد الجبار گجر،تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر صاحبان اور پرائس مجسٹریٹس نے شرکت کی ۔