پاک بحریہ کیلئے مقامی طور پر ڈیزائن کی جانی والی پہلی گن بوٹ کی تعمیر کا آغاز ہو گیا

11

اسلام آباد،28جنوری(اے پی پی):پاک بحریہ کیلئے مقامی طور پر ڈیزائن کی جانی والی پہلی گن بوٹ کی تعمیر کا آغاز ہو گیا ہے۔ افتتاحی تقریب کا انعقاد کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں ہوا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تقریب میں کمانڈر پاکستان فلِیٹ وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی مہمان خصوصی تھے۔انہوں نے مقامی سطح پر ڈیزائن کی جانے والی پہلی گن بوٹ کی تیاری پر پاک بحریہ، وزارت دفاعی پیداوار اور کراچی شپ یارڈ کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا۔

اس موقع پر ایم ڈی کراچی شپ یارڈ نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس دفاعی جہاز سازی کی صنعت میں خود انحصاری کے حصول کیلئے کوشاں ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق یہ گن بوٹ جدید ترین ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی سے لیس ہو گی۔ تقریب میں پاک بحریہ اور کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کے افسران نے شرکت کی۔