شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کویقینی بنائیں گے، نگران صوبائی وزیر بیرسٹر سید اظفر علی ناصر

20

لاہور۔30جنوری  (اے پی پی):نگران وزیراوقاف و مذہبی امور بیرسٹر سید اظفر علی ناصر  نے ایوان اوقاف کا دورہ کیا۔اس موقع پر  وزیر اوقاف کو سیکر ٹری اوقاف میاں ابرار احمد  نے محکمانہ بریفنگ میں محکمہ میں ہونے والے ترقیاتی کاموں بارے بتاتے ہوئے کہا کہ  محکمہ کے سالانہ بجٹ 680  ملین روپے سے صوبہ بھر میں اوقاف کے زیر انتظام مساجد اور درباروں کی تعمیر و مرمت کا کام جاری ہے۔اس موقع پر نگران وزیراوقاف و مذہبی امور بیرسٹر سید اظفر علی ناصر  نے اپنے خطاب میں کہا کہ نگران وزیر اعلی کی ہدایت پر محکمہ میں کسی بھی اجلاس  میں تواضع صرف پانی اور چائے تک محدود رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ میں ہر قسم کی شفافیت کو عروج  دینے اورکرپشن کا خاتمہ اولین ترجیح ہو گی۔محکمہ میں ایک خود کار نظام کے ذریعے اس کی آمدنی میں اضافہ کیا جائے گا،اس سلسلہ میں حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام آفیشلز کی روزانہ کی بنیادوں پر حاضری کی چیکنگ کو معمول بنایا جائے۔ تمام درباروں اور مساجد کی سکیورٹی کو لازم و ملزوم بنایا جائے۔ صفائی ستھرائی میں کسی صورت کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اوقاف کے زیر انتظام درباروں کی چیکنگ کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کی بنیادی ذمہ داری شفاف اورمنصفانہ الیکشن کا انعقاد ہے۔الیکشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں شفاف اور منصفانہ عام انتخابات کے انعقاد کویقینی بنائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ نگران حکومت کی مکمل کوشش ہے کہ قلیل مدت میں عوامی فلاح وبہبود کے لئے کچھ ایسے کام کر جائیں جس سے عوام کو ریلیف ملے۔ انہوں نے رضا کارانہ طور پر تنخواہ اور سرکاری گھرنہ لینے کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم  نے اللہ تعالی کی عطا کردہ ذمہ داری کو عوام کی خدمت کیلئے وقف کر دیا ہے۔وزیر اوقاف نے داتا دربار کا بھی دورہ کیا ۔اس موقع پر انہوں چادر چڑھائی اور دعا کی۔