فیصل آباد سمیت تمام ہسپتالوں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی کے لئے ناگریز اقدامات کئے جائیں،محسن نقوی

30

لاہور۔30جنوری  (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں ادویات کی مفت فراہمی کویقینی بناناچاہتے ہیں،ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج کے لئے سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے واضح فرق نظر آنا چاہیے۔ وزیراعلی آفس میں اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ فیصل آباد سمیت تمام ہسپتالوں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی کے لئے ناگریز اقدامات کئے جائیں۔اجلاس میں الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا گیااورفیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے سینڈیکیٹ میں مخیر صنعتکاروں کو شامل کرنے کی تجویز سے اتفاق کیاگیا۔اجلاس کے دوران فرینڈز آف الائیڈ ہسپتال فیصل آباد قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیاگیا۔فرینڈز آف الائیڈ ہسپتال فیصل آباد نیا ایمرجنسی بلاک تعمیر کریں گے۔نگران وزیراعلی محسن نقوی نے نئے ایمرجنسی بلاک کی فوری تعمیر شروع کرنے کیلئے جگہ مختص کرنے کی ہدایت کی۔نگران وزیراعلی محسن نقوی نے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد کی پارکنگ میں اوور چارجنگ پر ایف آئی آر درج کرانے کا حکم دیا۔نگران وزیراعلی نے ہدایت کی کہ الائیڈ ہسپتال میں پارکنگ کا انتظام فیصل آباد پارکنگ کمپنی کے سپردکیا جائے گا۔اجلاس میں بتایاگیا کہ الائیڈ ہسپتال کے 4ماڈیولر آپریشن تھیٹر فروری کے وسط تک فنکشنل ہوجائیں گے۔ نگران وزیراعلی نے ہدایت کی کہ الائیڈ ہسپتال فیصل آباد کے دیگر آپریشن تھیٹرز کو جلد ازجلد فنکشنل کیاجائے۔نگران وزیراعلی نے فیصل آباد میں ریجنل بلڈ سنٹر کا انتظام و انصرام انڈس فاونڈیشن کے سپرد کرنے کی منظوری دے دی۔اجلاس میں معروف صنعت کار سید عمر نذر شاہ نے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد ہمارا شہر ہے، اس کے شہریوں کے لئے تمام تر اقدامات کریں گے۔ کریسنٹ گروپ کے احمد شفیع نے کہاکہ کسی کی جان بچانے سے زیادہ بڑی نیکی نہیں ہوسکتی، بھرپور تعاون کریں گے۔فاروق شیخ نے کہاکہ حکومت کے ساتھ مریضوں کی فلاح و بہبود کے لئے کندھے سے کندھاملاکر کام کریں گے۔ عابد کمال نے کہاکہ مریضوں کی زندگیوں میں بہتری لائیں گے۔ شائق جاوید نے کہاکہ الائیڈ ہسپتال کے مسائل حل کرنے کے لئے بھرپور تعاون کریں گے۔شعیب مختار نے کہاکہ مفت ادویات اور ٹیسٹ کے لئے اشتراک کار کے لئے تیار ہیں۔ کمشنر فیصل آباد ڈویژن سلوت سعید نے ویڈیولنک پر اجلاس میں شرکت کی۔سید عمر نذر شاہ، عابد کمال، شائق جاوید، شعیب مختار، فاروق شیخ، حسن منور، احمد شفیع، نگران صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، نگران صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصرسیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن احمد جاوید قاضی، وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی، ایم ایس الائیڈ ہسپتال اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔