ملتان،31جنوری (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے تعلیم کے شعبے پر ریکارڈ بجٹ خرچ کیاکیونکہ ہم جانتے ہیں کہ کوئی بھی جمہوری ملک تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا،ہم نے 2013سے 2018ءکے دوران لاکھوں لیپ ٹاپ میرٹ پر تقسیم کیے، ہمارے بعد اس پروجیکٹ کوروک کر نوجوانوں کو نقصان پہنچایا گیا،ہم دوبارہ لیپ ٹاپ سکیم لارہے ہیں۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے وومن یونیورسٹی ملتان میں پانچویں کانووکیشن سے خطاب کے دوران کیا۔گورنرپنجاب نے کہاکہ پچھلے کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر بدتہذیبی پروان چڑھ چکی ہے، نوجوان اس کلچر سے اپنادامن بچائیں۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی اور غلط معلومات فراہم کی جارہی ہیں اور لوگوں پر جھوٹے الزامات لگائے جارہے ہیں۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کا کہنا تھا کہ جامعات کا کام تحقیق کرنا ہے سنی سنائی بات پر یقین نہیں کرنا چاہیے، نئی نسل تحقیق کی عادت اپنائے۔انہوں نے کہاکہ آج ملک کے اندر خواتین کی 17جامعات میں سے زیادہ مسلم لیگ(ن) نے بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 2013سے 2018کے دوران ہائر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں اضافہ کیا، ہمارے بعد اس بجٹ میں 60ارب روپے کی کمی کردی گئی۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہاکہ ڈگریاں آپ کو نوکریاں دلوادیں گی لیکن اصل اہمیت کردار کی ہے،ہمیں حسن اخلاق کامظاہرہ کرناچاہیے۔انہوں نے کہا کہ طلبا وطالبات میں قائدانہ خصوصیات پیداکی جائیں اوراس میں اساتذہ کا کردار سب سے اہم ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طالب علموں کی کامیابی پورے معاشرے کی کامیابی ہے، ہنر اور علم مل کر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔