سینیٹ  قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کا اجلاس، یوم یکجہتی کشمیر کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی

85

اسلام آباد، 2 فروری (اے پی پی): سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کا اجلاس جمعرات کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔کمیٹی کو 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان ظہور احمد نے کمیٹی کو بتایا کہ حکومت نے یوم یکجہتی کشمیر پر پاکستان کے پیغام کو دنیا بھر میں پھیلانا ہے اور اس سلسلے میں وزارت خارجہ سے بھی تعاون طلب کیا گیا ہے۔دیگر سرگرمیوں کے علاوہ وزارت نے نیشنل کونسل آف آرٹس کے تعاون سے آزاد جموں کشمیر کی ثقافت اور روایات کی نمائش کے لیے تین روزہ ثقافتی میلے کا انعقاد کیا ہے اور آزاد کشمیر کی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے دفتر خارجہ سے ڈی چوک تک واک بھی کی جائے گی۔

چیئرمین کمیٹی نے کشمیر کاز کو اجاگر کرنے کی کوششوں پر وزارت کو مبارکباد پیش کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

اجلاس میں سینیٹر شہادت اعوان، سینیٹر شاہین خالد بٹ، سینیٹر کامران مائیکل، وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان ظہور احمد اور دیگر متعلقہ اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔