ملتان؛ ضلعی امن کمیٹی کاموجودہ ملکی سکیورٹی صورتحال میں بھرپور اتحاد و یگانگت کے عزم کا اعادہ

40

ملتان،03 فروری(اے پی پی ):ضلعی امن کمیٹی نے موجودہ ملکی سکیورٹی صورتحال میں بھرپور اتحاد و یگانگت کے عزم کا اعادہ کیاہے ۔امن کمیٹی کے علماء کرام ،تاجر برادری و سماجی نمائندگان کی جانب سے  دہشت گرد حملوں کی بھی شدید مذمت کی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح اپنے سیکورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں علماء کرام  مفتی محمد عثمان پسروری،مظہر گیلانی،سید مزین چاون ،اصغر عباس نقوی ،علامہ انوار الحق مجاہد،مولانا عبدالحق مجاہد،سید علی رضا گردیزی،خاور حسنین بھٹہ ،،مظہر جاوید سیال،غوث انور گیلانی،سلیم بلال عطاری،زاہد بلال قریشی،عنایت اللہ رحمانی  اور دیگر شریک ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں عبادت گاہوں سمیت سکیورٹی ریڈ الرٹ کردی گئی ہے،موجودہ سیکورٹی حالات میں شرپسندی سے نمٹنے کیلئے مکاتب فکر کا اتحاد ناگزیر ہے ۔انہوں  نے کہا کہ حکومت پنجاب نے دہشت گردی کو کچلنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔علماء کرام امن وامان و بھائی چارے اور اسلامی  تعلیمات کا درس دیں۔ان کا کہنا تھا کہ علماء کرام نگ امن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے انتظامیہ سے بھرپور تعاون کا اعادہ کیا ہے۔

بعد ازاں امن کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف مشترکہ قرارداد بھی منظور کی گئی اور ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کرائی گئی۔