خیرپور،04فروری(اے پی پی ):روٹری کلب خیرپور ڈیٹس ویلی کے صدر رضوان احمدکی جانب سے 250 سے زیادہ اور کراچی کلب کی جانب سے 100 رضائیان بارشوں کے بعد تباہ ہو نےوالے غریب گھروں اور جھونپڑیوں میں رہنے والے ضرورت مند لوگوں میں تقسیم کی گئیں۔
اس موقع پر روٹری کلب خیرپور ڈیٹس ویلی ڈسٹرکٹ 3271 کے صدر اور مشہور سماجی شخصیت رضوان احمد نے کہا ہے کہ موسم سرما ناقابل برداشت ہو رہا ہے، ٹھنڈی راتیں ان لوگوں کے لئے خوبصورت ہیں جو گرم کپڑے پہن سکتے ہیں جن لوگوں کو بنیادی ضرورتوں کا فقدان ہے وہ سخت سردیوں سے نمٹنے میں بہت مشکل محسوس کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غریبوں سے محبت کرو، ان کا احساس کرو، ان کو آپ کے پیار اور احساس کی ضرورت ہے۔
رضوان احمد نے بارشوں کے بعد تباہ ہو نےوالے غریب گھروں اور جھونپڑیوں میں رہنے والے ضرورت مند لوگوں میں 350 سے زیادہ گرم رضائیاں تقسیم کیں اور کہا کہ غریبوں سے محبت کرو اور ان کی مدد کرو ان کو آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔
رضائیان ملنے کے بعد لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ تھی۔ روٹری کلب کراچی اور خیرپور ڈیٹس ویلی نے مستقبل میں بھی معاشرے کی خدمت کی اس روایت کو زندہ رکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔کلب کے صدر رضوان احمد ، مزمل حسین ،ظہیر جمانی اور اظہر حسین ابڑو کے علاوہ ممبران بھی اس تقریب میں موجود تھے۔