پشاور؛ محکمہ موسمیاتی تبدیلی و جنگلات کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر پر ریلی کا انعقاد

16

پشاور،5فروری(اے پی پی): سیکرٹری محکمہ موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات خیبرپختونخوا کی ہدایت پر محکمہ کے زیرِ اہتمام  پورے صوبہ خیبر پختونخوا کے تمام فارسٹ اور وائلڈ لائف ڈویژنل فارمیشنز میں 5 فروری یوم یکجہتی کشمیرقومی جوش و جذبے سے منایا گیا۔

اس سلسلے میں فارسٹ ڈویژن پشاور کے زیر اہتمام مرکزی تقریب اور واک کا انعقاد کیا گیا جس میں فارسٹ اور وائلڈ لائف ڈائریکٹوریٹ کے افسران اور  اہلکاروں نے شرکت کی۔

چیف کنزرویٹر فارسٹ ریجن ون اعجاز قادر کی قیادت میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد آزادی کی حمایت کے عزم کی تجدید کرنے کے ساتھ ساتھ ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستانی عوام کشمیریوں کو ان کے مشکل وقت میں اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے اور کشمیریوں کی آزادی تک انکے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

 اس موقع پر نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کی گئی اور عالمی برادری سے اپیل کی گئی کہ وہ منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادار کریں۔

ریلی کے اختتام پر کشمیریوں کی آزادی کیلئے خصوصی اجتماعی دعا کی گئی۔