کشمیری جدوجہد آزادی میں تنہا نہیں ، پوری پاکستانی قوم انکے ساتھ ہے؛کمشنرسلوت سعید

30

فیصل آباد،05فروی(اے پی پی): ڈویژنل کمشنرسلوت سعیدنے کہا ہے کہ آج کے دن اپنے کشمیری بھائیوں کو باورکرانا ہے کہ وہ اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں بلکہ تمام پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہے۔

انہوں نے یہ بات یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام آرٹس کونسل کے نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں یوم یکجہتی کشمیر سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ڈویژنل کمشنر نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے غیر متزلزل عزم اوربلند حوصلے کو سلام پیش کیا اور کہا کہ 5 فروری عالمی برادری کو یاد دہانی کراتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قرار داد کی روشنی میں کشمیریوں کو اپنے سیاسی مستقبل کے تعین کا حق دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عالمی برادری سے یہ سوال پوچھنے کیلئے حق بجانب ہیں کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق انہیں بنیادی حق سے کیوں محروم رکھا جا رہاہے۔

کمشنرسلوت سعیدنے کہا کہ مودی سرکار نے غیر آئینی اورغیر قانونی ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنارکھا ہے اورلمبے عرصہ سے عائد لاک ڈاؤن ظلم وستم کی بدترین مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت ریاستی جبر وتشدداورکشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرکے کشمیریوں کو آزادی کے حق سے محروم نہیں رکھ سکتا۔انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور انداز میں منانے کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ ودیگر معاون محکموں کی کاوشوں کو سراہا۔

تقریب میں شریک ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے کہا کہ نام نہاد جمہوریت کے دعویداروں کا سیاہ چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے،مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اپنی آزادی اور بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں اور کشمیر تقسیم ہند کا نا مکمل ایجنڈا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے اپنے خون سے نئی تاریخ رقم کی ہے اور اس دلیرانہ جدوجہد کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے ساتھ بھارت کے روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

یکجہتی سیمینار کے دوران مقرر فیصل آباد نے کشمیریوں کے حق میں پراثر تقریر جبکہ کالجز کے طالب علموں نے ملی نغمے پیش کئے۔قبل ازیں ڈویژنل کمشنرسلوت سعید نے آرٹس کونسل کے سبزہ زار میں پاکستان اور مقبوضہ کشمیر کے جھنڈے لہرائے اور آرٹس کونسل کے زیر اہتمام گیلری میں جدوجہد آزادی کے مختلف مناظر پر مشتمل تصاویری نمائش کا افتتاح کرکے پوٹریٹس بھی دیکھے۔

اس موقع پر آرٹس کونسل سے اقبال سٹیڈیم تک ریلی بھی نکالی گئی جس کی قیادت ڈویژنل کمشنر نے کی۔ریلی کے شرکاء نے کشمیری مسلمانوں سے یکجہتی کے لئے بڑے بڑے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جبکہ اس موقع پر شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان،کشمیر کی آزادی ناگزیر کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

ڈویژنل کمشنر نے ریلی کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ اپنی اخلاقی،سفارتی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھارتی افواج کے بدترین مظالم بند کرانے کیلئے اپناموثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ایسے منفی ہتھکنڈوں سے بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتا ہم سب پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم و ستم کے باوجود کشمیریوں میں آزادی کی تڑپ مزید بڑھی ہے اور کشمیر کی آزادی کا سوچ جلد طلوع ہو گا۔اس موقع پر کشمیر کی آزادی کی خصوصی دعا بھی کی گئی۔