وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ میں قائم ای شکایت سیل کا  باقاعدہ افتتاح کر دیا

20

کوئٹہ،07فروری(اے پی پی ):وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ میں قائم ای شکایت سیل کا  باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔

وزیراعلیٰ کو سیل انچارج اللہ داد کاکڑ نے ای شکایت سیل سے متعلق دی جانے والی بریفنگ میں بتایا کہ ابتدائی طور پر شکایت سیل میں محکمہ صحت، تعلیم،بلدیات اور محکمہ داخلہ کو شامل کیا گیا ہے اور کوئی بھی عوامی نوعیت کی شکایت وزیراعلیٰ ای سیل شکایت کو موصول ہوتے ہی متعلقہ محکموں کو انکے اپنے سسٹم پر اپ ڈیٹ ہو جائے گی جس پر بروقت کارروائی کی جا سکے گی اور اس کے ساتھ ساتھ شکایت کا اندراج کرنے والے شخص کو بھی درج کی گئی متعلقہ شکایت سے متعلق معلومات فراہم ہو سکیں گے جب کہ اس کے علاوہ مینول صورت میں جمع کرائے گئے  شکایتی فارمز کو ای شکایت سیل پر  اپڈیٹ کیا جائے گا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا دفتر ایک عوامی نوعیت کا دفتر ہے اور ہماری یہی کوشش ہے کہ عوامی شکایت کا جلد از جلد ازالہ کیا جائے اور عوام کے مسائل حل کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ای شکایت سیل کے قیام کا مقصد عوامی شکایت پر بروقت کارروائی کرکے ان شکایات کو فوری طور پر حل کرنا ہے اور مینول صورت میں وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کو موصول ہونے والی شکایات کو بھی  اس سیل میں اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ  میر عبدالقدوس بزنجو نے عوام کو پیغام دیا ہے کہ وہ ای شکایت سیل پر اپنی شکایت کا اندراج کرائیں تاکہ اس پر بروقت کارروائی ہو سکے۔

چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی، اور سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی بابر خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔